لوڈو کھیلتے وقت آئی چھینک، کورونا کی دھمکی دینے پر ساتھی کھلاڑی نے مار دی گولی!

اتر پردیش کے نوئیڈا میں منگل کی دیر رات لوڈو کھیل رہے چار دوستوں کے درمیان چھینکنے پر تنازعہ ہو گیا۔ اس واقعہ میں ایک نوجوان نے غصہ میں دوسرے ساتھی کھلاڑی پر گولی چلا دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ کورونا وائرس سے لوگوں میں اس قدر دہشت ہے کہ چھینک آنے پر بھی ہنگامہ برپا ہو جاتا ہے۔ تازہ معاملہ گریٹر نوئیڈا کا ہے جہاں لوڈو کھیلتے وقت ایک نوجوان کو چھینک آ گئی۔ اس پر دوسرے ساتھی کھلاڑی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ "کیا کورونا پھیلائے گا؟" اعتراض ظاہر کرنے والے کو جواب دیتے ہوئے سامنے والے نوجوان نے کہا کہ "زیادہ بکواس کرے گا تو کورونا دے دوں گا۔" اسی بات پر جھگڑا شروع ہو گیا اور یہ اتنا بڑھ گیا کہ ایک نوجوان نے دوسرے کو گولی مار دی۔ زخمی نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

گریٹر نوئیڈا کے ڈی سی پی راجیش کمار سنگھ نے مذکورہ واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ واقعہ 14 اپریل کی رات کے وقت کا ہے جب دیانگر گاؤں میں کچھ لوگ لوڈو کھیل رہے تھے۔ اس سلسلے میں پولس نے تھانہ جارچہ میں معاملہ درج کیا ہے۔


واقعہ کے تعلق سے پولس کا کہنا ہے کہ سینتھلی مندر پر چار لوگ لوڈو کھیل رہے تھے۔ اسی وقت جے ویر عرف گلو کو کھانسی آ گئی۔ اسی بات پر اس کا پرشانت عرف پرویش سے جھگڑا ہو گیا۔ دونوں دیانگر گاؤں کے ہی باشندہ تھے۔ پرشانت نے گلو سے کہا کہ منھ پر چھینک رہا ہے، کیا کورونا کرے گا؟ جواب میں گلو نے دوبارہ مذاق میں نقلی چھینک مار دی اور بولا "ہاں لے کورونا۔"

ڈی سی پی راجیش کمار سنگھ اس واقعہ کے تعلق سے بتاتے ہیں کہ "بات اتنی بڑھ گئی کہ گلو نے پرویش کو دیسی طمنچے سے گولی مار دی۔ لوڈو کے کھیل میں گولی مارے جانے کی خبر پھیلتے ہی گاؤں میں بھیڑ جمع ہونے لگی۔ بات آگے بڑھتی، اس سے پہلے ہی پولس جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور زخمی پرویش کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔