کورونا پازیٹو پرنب مکھرجی کی حالت آپریشن کے بعد بھی نازک، ہیلتھ بلیٹن جاری

پرنب مکھرجی کا علاج دہلی واقع آرمی آر آر اسپتال میں چل رہا ہے اور وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کے دماغ میں خون کا تھکا جما ہوا تھا جسے ہٹانے کے لیے ایمرجنسی آپریشن کرنا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کورونا انفیکشن کے شکار سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ پیر کے روز انھیں دہلی کے آرمی آر آر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں پتہ چلا تھا کہ ان کے دماغ میں خون کے تھکے جمے ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ سے پرنب مکھرجی کو تکلیف ہو رہی تھی اس لیے ڈاکٹروں نے ایمرجنسی لائف سپورٹ سرجری کی۔ اس آپریشن کے بعد بھی ان کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے اور ڈاکٹروں کے ذریعہ جاری ہیلتھ بلیٹن کے مطابق وہ ہنوز وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پرنب مکھرجی کے آپریشن کو ڈاکٹروں نے کامیاب بتایا ہے اور ان کے دیگر سبھی صحت پیمانے مستحکم ہیں۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم پرنب مکھرجی پر لگاتار نظر رکھ رہی ہے تاکہ انھیں کسی طرح کا مسئلہ پیش نہ آئے۔ قابل ذکر ہے کہ پرنب مکھرجی کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر ملنے کے بعد مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ان کی مزاج پرسی کے لیے آرمی اسپتال بھی گئے تھے۔ اس درمیان لوگ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔


واضح رہے کہ کورونا پازیٹو ہونے کی خبر خود پرنب مکھرجی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے پیر کے روز دی تھی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ "میں کسی اور جانچ کے لیے اسپتال پہنچا تھا، میرا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔" ساتھ ہی پرنب مکھرجی نے یہ بھی لکھا تھا کہ "میں گزارش کرتا ہوں کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں میرے رابطے میں جو بھی شخص آئے ہیں وہ خود کو آئسولیٹ کریں اور اپنا ٹیسٹ کروائیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */