کورونا: طیارہ میں پسنجر کے چھینکنے سے مچا ہنگامہ، خوفزدہ پائلٹ ایمرجنسی گیٹ سے کودا

پونے ائیر پورٹ سے ایئر ایشیا کی فلائٹ 15-732 میں ایک شخص کے چھینکنے کے بعد کاک پٹ میں بیٹھے پائلٹ کو اتنی گھبراہٹ ہوئی کہ اس نے ایمرجنسی ایگزٹ سے ہی چھلانگ لگا دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس نے اب پوری دنیا کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ کورونا وائرس سے مہلوکین کی تعداد 14.5 ہزار سے آگے بڑھ گئی ہے۔ ہندوستان میں بھی مہلوکین کی تعداد 8 پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد ہندوستان میں تیزی کے ساتھ بڑھتے ہوئے 427 تک چلی گئی ہے۔ لگاتار ہو رہی اموات سے دنیا بھر کے لوگوں میں خوف ہے۔ عالم یہ ہے کہ اگر کوئی چھینک اور کھانس دے تو لوگ اس سے کوسوں دور بھاگ رہے ہیں۔ ایسا ہی کچھ پونے ائیرپورٹ پر بھی دیکھنے کو ملا۔


دراصل ائیر ایشیا کی فلائٹ 15-732 دہلی کے لیے پرواز بھرنے والی تھی تبھی کچھ ایسا ہوا کہ طیارہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اگلی صف میں بیٹھے ایک مسافر نے ٹیک آف کرنے سے پہلے ہی چھینکنا شروع کر دیا۔ اس بات کی جانکاری جیسے ہی کاک پِٹ میں بیٹھے پائلٹ کو ہوئی تو کورونا وائرس کے خوف کے سبب وہ ایمرجنسی ایگزٹ سے بھاگ نکلا۔ یہ واقعہ 20 مارچ کا ہے جو اب سوشل میڈیا پر بھی خوب موضوعِ بحث بن رہا ہے۔

اس واقعہ کے بعد دہشت میں پڑے فلائٹ کے باقی کرو ممبرس نے طیارہ کا پچھلا دروازہ کھولا اور پھر طیارہ میں بیٹھے سبھی مسافروں کو ایک ایک کر کے باہر نکال دیا سوائے اس شخص کے جس نے فلائٹ میں چھینکا تھا۔ چھینکنے والے شخص کے لیے فلائٹ کا اگلا دروازہ کھولا گیا اور پھر اسے اتارا گیا۔ اس واقعہ کے بعد سبھی مسافروں کی اسکریننگ کی گئی جن میں سبھی کی رپورٹ نگیٹو آئی۔


ائیر ایشیا کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اگلی صف میں بیٹھے مسافر کی وجہ سے 20 مارچ کو پونے-دہلی کی فلائٹ میں ایسا معاملہ سامنے آیا۔ کورونا وائرس کو لے کر ہر کوئی محتاط ہے۔ اس لیے سبھی مسافروں کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی۔ کسی کی رپورٹ پازیٹو نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ طیارہ کی پوری طرح سے اینٹی انفیکشن سے گہری صفائی کی گئی۔ ہماری پائلٹ ٹیم ایسے واقعات کے لیے اچھی طرح سے تربیت یافتہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔