کورونا مریضوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کریں: وزیر اعلیٰ یوگی

یوگی نے اتوار کو ٹیم 11 کے ساتھ کورونا کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 35614 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ 25633 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لئے اتر پردیش میں آکسیجن اور ریمڈیسیور سمیت دیگر ادویات کے وافر ذخائر کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کووڈ مریضوں کے علاج میں سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں لا پرواہی نہیں برتی جائے۔ کورونا مریضوں کے علاج کے اخراجات ضابطوں کے تحت سرکار برداشت کرے گی۔

یوگی نے اتوار کو ٹیم 11 کے ساتھ کورونا کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 35614 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ 25633 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح سے ریاست میں اب تک 7.77 لاکھ سے زیادہ افراد کووڈ انفیکشن سے نجات پا چکے ہیں۔ یہ خوشگوار صورتحال ’ دوائی بھی کڑائی‘ کے فارمولہ کو موثر انداز میں نافذ کرنے کا نتیجہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ ڈی آر ڈی او کے اشتراک سے لکھنؤ اور وارانسی میں قائم کیا جانے والا تمام سہولیات سے لیس کووڈ اسپتال بہت جلد چالو ہو جائے گا۔ محکمہ صحت متعلقہ احکام سے رابطہ قائم کرکے ڈی آر ڈی او کو تمام وسائل مہیا کرائے۔ ان اسپتالوں کے فعال ہونے سے ریاست کے طبی وسائل کو تقویت ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری یا غیر سرکاری اسپتال کسی بھی مریض کے علاج سے انکار نہیں کرسکتا۔ ضابطوں کے مطابق حکومت ان کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی، لیکن مریضوں کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کرانی چاہیے۔ اینٹیجن ٹیسٹ میں پازیٹو آنے والوں کو مکمل علاج مہیا کیا جانا چاہیے۔


یوگی نے کہا کہ یہ جنگی بنیادوں پر کی گئی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ آج اترپردیش میں دیگر ریاستوں کی طرح افراتفری نہیں۔ آکسیجن کی فراہمی حسب معمول ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاست کی الاٹمنٹ میں اضافہ کیا ہے۔ اس کی فراہمی جلد از جلد کرائی جائے۔ آکسیجن ایکسپریس جیسے جدید تعاون سے فائدہ ہوا ہے۔ آکسیجن ایئر لفٹ بھی کرائی جا رہی ہے۔ سرکاری ہو یا غیر سرکاری کسی بھی کووڈ اسپتال میں اس کی قلت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آکسیجن ٹینکروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرے۔ اس کے علاوہ ٹینکروں کی فراہمی کے لئے مرکزی حکومت سے بھی تعاون حاصل کیا جائے۔ ریاست کے 100 بستروں سے زیادہ گنجائش والے تمام اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس لگانے کا عمل تیز کیا جائے۔ کاروائی تیزی سے آگے برھائی جائے۔


وزیر اعلی نے کہا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو مفت ٹیکہ کاری کا فیصلہ لینے والی پہلی ریاست اترپردیش ہے۔ یکم مئی سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 50-50 لاکھ خوراکوں کا آرڈر ویکسین تیار کرنے والی دونوں کمپنوں کو دیا گیا، اس کے علاوہ مرکزی سرکار کی جانب سے ویکسین کی خوراکیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ اس ضمن میں ایک جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ویکسین ضائع نہ ہو۔


یوگی کی ہدایت پر ریاست کے سبھی سرکاری اسپتالوں میں ریمڈیسیور کی بڑی کھیپ بھیج دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کی واضح ہدایت ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج غریبوں، پسماندہ طبقات اور ضرورت مندوں کو ریمڈیسیوردستیاب کرائی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔