’او کورونا کل آنا‘ مودی کے حلقہ انتخاب میں دلچسپ پوسٹر!

عالمی وبا قرار دیئے جا چکے کورونا وائرس کے انفیکشن سے بچنے کے لئے وارانسی کی گلیوں میں بالی ووڈ کی فلم ’استری‘ کی طرز پر ‘او کورونا کل آنا‘ کے پوسٹر نصب کیے گئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی وبا قرار دیئے جا چکے کورونا وائرس سے ہونے والے مرض نے دنیا بھر کو دہشت میں ڈال دیا ہے۔ دنیا بھر میں ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ہلاک ہو رہے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں نئے معاملات کا انکشاف ہو رہا ہے۔ ایک طرف جہاں قائدین، سائنسدان اور ڈاکٹرس اس بیماری سے جد و جہد کے طریقے کھوجنے میں مصروف ہیں وہیں یہاں ہندوستان میں توہم پرستی کے پیروکاروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ کئی لوگ گائے کے پیشاب اور گوبر سے کورونا کا علاج ہونے کا دعوی کر رہے ہیں۔

’او کورونا کل آنا‘ مودی کے حلقہ انتخاب میں دلچسپ پوسٹر!

دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ انتخاب وارانسی کی گلیوں میں بالی ووڈ کی فلم ’استری‘ کی طرز پر ’او کورونا کل آنا‘ کے پوسٹر لگائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ فلم ’استری‘ میں ایک چڑیل سے حفاظت کے لئے گاؤں کے لوگ اپنے گھر کے باہر ’او استری تم کل آنا‘ لکھ لیتے ہیں۔ فلم میں لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کہ جب چڑیل آئے گی تو وہ کل آنا لکھا ہوا دیکھ کر لوٹ جائے گی۔ بنارس کی گلیوں میں واقع گھروں کی دیواروں پر لگے یہ پوسٹر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

وارانسی کے بھیلوپور علاقہ کے کھوجوا کی گلیوں میں اس طرح کے ایک یا دو نہیں بلکہ درجنوں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹر کے نیچے انہیں چھپوانے والے شخص کا نام (پونیت مشرا) بھی لکھا ہوا ہے۔


پونیت مشرا نے ایک نجی چینل کو بتایا کہ یہ پوسٹر فلم سے متاثر ہو کر چسپاں کیے ہیں اور اس کا مقصد لوگوں میں آگاہی لانے کا ہے، لوگوں کو کورونا وائرس جیسی بیماریوں کو دور کرنے کے لئے احتیاط برتنی چاہیے۔ ہر شخص کو یہ عزم کرنا چاہیے کہ وہ صاف صفائی پر توجہ دے گا اور اور ماسک کا بھی استعمال کرے گا۔

پونیت نے کہا، ’’یہ پوسٹر میں نے صرف اپنے لئے نہیں بلکہ دوسروں کو بھی آگاہ کرنے کے مقصد سے لگایا ہے۔ اس کا مقصد توہم پرستی پھیلانا نہیں ہے بلکہ پیغام دینے کے لئے یہ پوسٹر لگائے گئے ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ اب تک 2 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ جبکہ ہندوستان میں یہ تعداد ڈیڑھ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہندوستان میں اس وبا کی وجہ سے اب تک تین افراد کی موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Mar 2020, 11:11 PM