پھر لوٹ آیا کورونا! اندور میں ایک خاتون کی موت، ایک مریض کی حالت نازک
74 سالہ مریضہ نوسی بائی کو حال ہی میں اندور کے اروند ہاسپیٹل لایا گیا تھا۔ خاتون سردی زکام میں مبتلا تھی اور کافی علاج کے بعد بھی راحت نہیں مل رہی تھی۔ جب کووڈ ٹیسٹ کرایا گیا تو رپورٹ پازیٹو آئی۔

کورونا کی تباہی لوگوں کے ذہن میں اب تک تازہ ہے۔ کئی سال گزرنے کے بعد بھی لاک ڈاؤن کو یاد کر لوگوں کی روح کانپ جاتی ہے۔ اب کورونا سے متعلق خبریں سامنے نہیں آ رہیں، لیکن مدھیہ پردیش کے اندور سے موصول تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کورونا نے ایک بار پھر اپنے وجود کا احساس دلایا ہے۔ شہر میں کورونا نے دستک دے دی ہے اور ایک خاتون اس مرض میں مبتلا ہو کر ہلاک بھی ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اندور میں ایک خاتون کی کورونا انفیکشن سے موت ہو گئی ہے اور ایک دیگر شخص کی حالت نازک ہے۔ ان دونوں مریضوں کو اندور کے اروند اسپتال میں ہی علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا۔ ہلاک خاتون مریضہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ 74 سال کی تھی اور اس کا نام نوسی بائی تھا۔ اسے حال ہی میں اندور کے اروند ہاسپیٹل میں بغرض علاج داخل کرایا گیا تھا۔ خاتون سردی زکام میں مبتلا تھی اور کافی علاج کے بعد بھی راحت نہیں مل رہی تھی۔ اروند ہاسپیٹل میں خاتون کی علامت کو دیکھ کر کووڈ ٹیسٹ کرایا گیا، جس کی رپورٹ پازیٹو آئی۔ آناً فاناً خاتون کو کوارنٹین کیا گیا اور علاج شروع ہو گیا، لیکن اسے بچایا نہیں جا سکا۔
شہر کے ایک دیگر مریض میں بھی کورونا کی علامت پائی گئی ہے۔ اروند ہاسپیٹل کے چیف ڈاکٹر مہک بھنڈاری کے مطابق کورونا کی علامتوں کے ساتھ ہملیش نامی مریض کو داخل اسپتال کیا گیا ہے۔ ہملیش کا جب کووڈ ٹیسٹ کرایا گیا تو اس کی رپورٹ بھی پازیٹو آئی ہے۔ اب اسپتال میں ہملیش کو خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ وہ بنیادی طور سے دیواس کا باشندہ ہے، اس لیے دیواس کے محکمہ صحت کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت ان دونوں مریضوں کی ’کانٹیکٹ ہسٹری‘ (لوگوں سے رابطہ کی تفصیل) جانچ کرا رہا ہے۔ ان دونوں مریضوں کی کووڈ رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد محکمہ صحت میں ہلچل بھی پیدا ہو گئی ہے۔ ڈر اس بات کا ہے کہ کہیں ایک بار پھر کورونا تباہی شکل نہ اختیار کر لے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔