دہلی میں کورونا: چار دنوں میں وصول کیا گیا 1.5 کروڑ روپے کا جرمانہ

دہلی پولس کا کہنا ہے کہ پیر تک کووڈ قوانین کی خلاف ورزی میں تیزی سے کمی آئی ہے جہاں صرف 410 چالان جاری کیے گئے تھے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں کورونا انفیکشن کا اثر لگاتار بڑھ رہا ہے، اس کے باوجود لوگوں کی لاپروائی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ کورونا پر قابو پانے کے لیے لوگوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں اور ماسک کا استعمال کریں، لیکن کئی مقامات پر لوگوں کو بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی حکومت نے ماسک نہ پہننے کی صورت میں جرمانہ کی رقم بڑھا کر 2000 روپے کر دی ہے۔ اس کا اثر یہ ہوا کہ چالان کی شکل میں بڑی رقم دہلی پولس لوگوں سے وصول کر رہی ہے۔

دراصل پہلے جرمانہ کے طور پر 500 روپے وصول کیے جاتے تھے، لیکن سختی کرتے ہوئے اب یہ رقم 2000 روپے کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی حکومت نے 20 نومبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد سے اب تک یعنی چار دنوں کے دوران دہلی پولس نے 1.5 کروڑ روپے کی رقم اکٹھا کر لی گئی ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 20 نومبر سے اب تک کل 7655 چالان جاری کیے گئے ہیں جن میں تھوکنے کے سبب صرف 4 چالان جاری کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں سوشل ڈسٹنسنگ کی خلاف ورزی کرنے کے لیے 218 چالان کاٹے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ماسک نہ پہننے کو لے کر سب سے زیادہ 5388 چالان کٹے ہیں۔ حالانکہ پولس نے کہا کہ پیر تک کووڈ قوانین کی خلاف ورزی میں تیزی سے کمی آئی ہے جہاں صرف 410 چالان جاری کیے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */