کورونا ’ہاٹ اسپاٹ‘ کی نگرانی کر رہا ڈرون لاپتہ! تلاش کرنے میں لگے دوسرے ڈرون

نوئیڈا پولیس پانچ دن سے کھوئے اس ڈرون کو لے کر کافی پریشان ہے۔ اب ممکنہ علاقوں میں دوسرے ڈرونز کے ذریعہ لاپتہ ڈرون کو تلاش کیا جارہا ہے۔

کورونا ’ہاٹ اسپاٹ‘ کی نگرانی کر رہا ڈرون لاپتہ!
کورونا ’ہاٹ اسپاٹ‘ کی نگرانی کر رہا ڈرون لاپتہ!
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا: کورونا انفیکشن پھیلنے کے بعد ایک سوسائٹی کی نگرانی پر مامور نوئیڈا پولیس کے ڈرون کے اچانک لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس چار پانچ دن سے اس ڈرون کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن کامیابی نہیں مل پا رہی۔ ڈرون کی تلاش میں اب دوسرے ڈرون بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ لاپتہ ہو جانے والے ڈرون کی آخری لوکیشن زیر تعمیر عمارت سپرٹیک نارتھ (آئی) کے قریب تھی، اس کے بعد سے ڈرون کا کوئی پتہ نہیں چل پا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ’’نوئیڈا سیکٹر 75 میں واقع سپرٹیک کیپ ٹاون سوسائٹی کو کورونا وائرس کے لئے ’ہاٹ سپاٹ‘ (انتہائی متاثر علاقہ) قرار دیا گیا ہے۔ چار پانچ دن پہلے سیکٹر 49 تھانہ پولیس نے اس سوسائٹی کے اندر نگرانی کے لئے ڈرون کا مطالبہ کیا تھا۔ محکمہ پولیس نے ایک نجی کمپنی کا ڈرون کرایہ پر لیا اور اسے نگرانی پر لگا دیا۔‘‘


نوئیڈا سیکٹر 49 اسٹیشن ذرائع کے مطابق، ’’ڈرون کمپنی آپریٹر نے ڈرون کی اونچائی کو لگ بھگ 130 میٹر لاک کرکے پرواز کرائی اور کچھ دری تک اس کی ویڈیو موصول ہوئی، جس میں سوسائٹی کے اندار کے تمام مناظر صاف نظر آ رہے تھے۔ لیکن اچانک ڈرون کا رابطہ زمین پر موجود آپریٹر سے منقطع ہو گیا۔ رابطہ قائم کرنے کی کافی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔‘‘

آناً فاناً میں پولیس اور ڈرون آپریٹر کمپنی نے ایک اور ڈرون کو اڑا کر گھنٹوں اس کو تلاش کرایا۔ گھنٹوں کی محنت کے بعد سپرٹیک نارتھ آئی کی چھت پر ڈرون کی ویڈیو نظر آئی۔ تاہم، ٹیموں کو جب اس کثیر المنزلہ عمارت میں بھیجا گیا تو موقع پر سریوں کے بیچ پھنسی سیمنٹ کی بوریاں نظر آئیں جو ڈرون کے جیسی نظر آ رہی تھیں۔


فی الحال، نوئیڈا پولیس پانچ دن سے کھوئے اس ڈرون کو لے کر کافی پریشان ہے۔ اب ممکنہ علاقوں میں دوسرے ڈرونز کے ذریعہ لاپتہ ڈرون کو تلاش کیا جارہا ہے۔ نوئیڈا سیکٹر 49 پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر آئی اے این ایس سے ڈرون کے کھونے کی تصدیق کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔