اتر پردیش: ’گرو دھام مندر‘ بنا کورونا کا ’ہاٹ اسپاٹ‘، کئی عقیدتمند ہوئے پازیٹو!

آشرم میں ماسک پہننے، سوشل ڈسٹنسنگ، ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کرنے جیسے کووڈ پروٹوکول کو صاف طور پر نظرانداز کیا گیا جس سے ہزاروں لوگوں کے کورونا وائرس کی زد میں آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ کے پاس ’گرو دھام مندر‘ آشرم میں تین روزہ مذہبی جلسہ ہوا تھا جس کے بعد یہ آشرم ’کورونا ہاٹ اسپاٹ‘ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اس مذہبی جلسہ میں حصہ لینے پہنچے کئی عقیدتمندوں کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔ اس خبر نے جلسہ میں شریک ہونے والے ہزاروں لوگوں میں خوف کا عالم پیدا کر دیا ہے۔

مذہبی جلسہ کا انعقاد گزشتہ 13 مارچ سے مگدھ میں جگت گرو کرپالو پریشد نے کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ کووڈ-19 قوانین پر عمل کرنے کی سخت ہدایت کے بعد بھی اس پروگرام میں 14 ہزار سے زیادہ بھکتوں نے حصہ لیا، جب کہ وزیر اعلیٰ نے ریاست کو کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچانے کے لیے لوگوں سے اجتماعی پروگراموں سے بچنے کے لیے کہا ہے۔


ذرائع کے مطابق آشرم میں ماسک پہننے، سوشل ڈسٹنسنگ، ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال کرنے جیسے کووڈ پروٹوکول کو صاف طور پر نظرانداز کیا گیا جس سے ہزاروں لوگوں کے کورونا وائرس کی زد میں آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ جن لوگوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے، انھیں کوئی طبی مدد بھی نہیں دی گئی ہے اور انھیں مندر احاطہ چھوڑنے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔

ایسے حالات تب سامنے آئے ہیں جب ریاست میں کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ یہاں اب تک 6 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا انفیکشن کی زد میں آ چکے ہیں اور 8750 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ قابل غور یہ ہے کہ ٹیکہ کاری مہم کے باوجود ریاست میں پھر سے کورونا بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ یہاں اب تک تین لاکھ لوگوں کو ویکسین کی خوراک دی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔