کورونا کا قہر: ملک میں پہلی بار 22 ہزار سے زیادہ نئے معاملے، 442 افراد کی موت

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں کورونا کے 22771 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور 442 اموات کی اطلاع ہے۔ آپ کو بتادوں کہ یہ ایک دن میں کورونا وائرس کے ابھی تک سب سے زیادہ معاملے۔

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس روز بروز شدید شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 22771 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6.48 لاکھ ہوچکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 22771 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 648315 ہوگئی ہے۔ اسی مدت کے دوران کورونا وائرس سے 442 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 18655 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران 14335 مریض شفایاب ہوئے ہیں اور اب تک ملک میں مجموعی طور پر 394227 مریض اس وائرس سے صحت مند ہوچکے ہیں۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 235433 فعال کیسز موجود ہیں۔

ملک میں کورونا وائر سے ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 6364 کیسز اور 198 اموات کی اطلاعات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 192990 اور مرنے والوں کی تعداد 8376 ہوگئی ہے۔ ریاست میں104687 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں دوسرے نمبر پر تامل ناڈو میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ کو عبور کرچکی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4329 کیسز سے بڑھ کر مجموعی تعداد 102721 ہوگئی ہے اور اسی عرصے میں ریاست میں 64 افراد لقمہ اجل ہوچکے ہیں۔ مجموعی طور پر ریاست میں اب تک 1385 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 58378 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے۔


دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی وبا نے زبردست تباہی مچائی ہے اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 94695 اور مرنے والوں کی تعداد 2923 ہوگئی ہے۔ قومی دارالحکومت میں 65624 مریض وبا سے شفا پانے میں کامیاب ہوئے ہیں، جن کو راجدھانی کے مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کورونا وائرس یعنی کووڈ۔19 کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے، لیکن ہلاک شدگان کی تعداد کے حساب سے یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 34600 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور1904 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 24933 افراد بھی اس بیماری سے شفایاب ہوئے ہیں۔

آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 25797 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وائرس سے 749 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 17597 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 20488 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 717 افراد فوت ہوچکے ہیں اور اب تک 13571 افراد شفایاباب ہوئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں، تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس پھیلتا جارہا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 20462 تک پہنچ چکی ہے اور283 افراد فوت اور 10195 افراد اب تک اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ ریاست کرناٹک میں 19710 افراد متاثر ہوئے ہیں اور293 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔


راجستھان میں بھی کورونا وائرس کے پھیلنے کا عمل اپنے شباب پر ہے اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 19052 تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 440 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 15281 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ریاست آندھرا پردیش میں 16934 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 206 ہوگئی ہے۔ ہریانہ میں 16003 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 255 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس وبا کی زد میں آنے سے مدھیہ پردیش میں 593، پنجاب میں 157، جموں و کشمیر میں 119، بہار میں 80، اتراکھنڈ میں 42، اڈیشہ میں 29، کیرالہ میں 25، جھارکھنڈ میں 15، چھتیس گڑھ اور آسام میں 14، 14، پڈوچیری میں 12، ہماچل پردیش میں 10، چنڈی گڑھ میں چھ، گوا میں چار اور تری پورہ، لداخ اور میگھالیہ میں ایک ایک شخص کی موت ہوچکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔