کورونا کے بڑھتے معاملوں سے دہشت میں نوئیڈا، نائٹ کرفیو اب 8 کی جگہ 10 گھنٹے

کورونا انفیکشن کا قہر ہندوستان کے کچھ شہر بہت زیادہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ نوئیڈا بھی کورونا سے بہت پریشان ہے اس لیے اب وہاں نائٹ کرفیو رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

پورے ہندوستان میں کورونا انفیکشن کا قہر جاری ہے۔ اس درمیان کچھ شہر ایسے ہیں جہاں کورونا انفیکشن کی رفتار فکر انگیز حد تک زیادہ ہے۔ ان شہروں میں نوئیڈا بھی شامل ہے اور اسی لیے ضلع میں نائٹ کرفیو کے گھنٹوں میں تھوڑا اضافہ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ پولس کمشنر کے میڈیا انچارج پنکج کمار سنگھ نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ "17 جون کو میرٹھ ڈویژن میں کورونا وائرس کے انفیکشن کو کنٹرول کرنے کے لیے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ میٹنگ میں کورونا وائرس انفیکشن کو روکنے کے لیے نائٹ کرفیو بڑھانے کی ہدایت دی گئی تھی۔"

پنکج کمار سنگھ نے بتایا کہ "میٹنگ میں دی گئی ہدایت کی بنیاد پر نوئیڈا میں انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نائٹ کرفیو کا وقت رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک کر دیا گیا ہے۔ سبھی متعلقہ پولس اہلکاروں کو اس ہدایت پر عمل یقینی بنانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ یہ پولس اہلکار عوام سے گزارش کریں گے کہ وہ بطور خود اس ہدایت پر عمل کریں۔"


قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل نائٹ کرفیو کا وقت رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک تھا۔ گویا کہ پہلے 8 گھنٹے کا کرفیو تھا جو اب بڑھ کر 10 گھنٹے کا ہو گیا ہے۔ اب لوگ رات 8 بجے کے بعد گھر سے باہر نہیں نکلیں گے اور صبح 6 بجے کے بعد انھیں گھر سے نکلنے کی اجازت ملے گی۔ اس دوران ضروری خدمات سے جڑے لوگوں کو آمد و رفت کی اجازت رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2020, 12:40 PM