کورونا دنیا کے سامنے 100 سالوں کا سب سے بڑا چیلنج: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’انسانیت کو اس آفت سے نجات دلانے کے لئے ایک سال میں ویکسین بنا کر لوگوں کو دے دینے کا اتنا عظیم کام تاریخ میں غالباً پہلی بار انجام دیا گیا ہے‘‘

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا دنیا کے سامنے گزشتہ سو سالوں کا سب سے بڑا چیلنج بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کو اس آفت سے نجات دلانے کے لئے ایک سال میں ویکسین بنا کر لوگوں کو دے دینے کا اتنا عظیم کام تاریخ میں غالباً پہلی مرتبہ انجام دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم سی ایس آئی آر (کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ) سوسائٹی سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اعظم مودی نے سی ایس آر سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں نے ایک سال میں ہی ’میڈ ان انڈیا‘ ویکسین تیار کر کے اسے ملک کے باشندگان کو دستیاب کرا دی۔ ایک سال میں ہی کووڈ-19 ٹیسٹنگ کٹ اور ضروری آلات سے ملک کو خود مختار بنا دیا۔ اتنے کم وقت میں ہمارے سائنسدانوں نے نئی ادویات دریافت کیں اور آکسیجن کی پیداوار میں اضافہ کے لئے بھی راستے تلاش کئے۔


وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ صدی کا تجربہ ہے کہ جب پہلے کوئی ایجاد دنیا کے دوسرے ممالک میں ہوتی تھی تو ہندوستان کو اس کے لئے کئی کئی سالوں کا انتظار کرنا پڑتا تھا لیکن آج ہمارے ملک کے سائنسدان دوسرے ممالک کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چل رہے ہیں اور تیز رفتار سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان پائیدار ترقی اور کلین انرجی کے شعبہ میں دنیا کی رہنمائی کر رہا ہے۔ آج ہم سافٹ ویئر سے لے کت سٹیلائٹ تک کے معاملہ میں دوسرے ممالک کی ترقی کو بھی رفتار دے رہے ہیں۔ کورونا نے ہماری رفتار کو کچھ ماند ضرور کیا ہے لیکن ہمارا عزم ہے کہ ’آتم نربھر بھارت، سشکت بھارت‘ (خود انحصار ہندوستان، بااختیار ہندوستان)۔ ملک کی آزاری کے 50 سال مکمل ہونے والے ہیں، اس کو ملحوظ خاطر رکھ کر وقت کے پابند فریم ورک کے تحت ہمیں پیش قدمی کرنی ہے۔


سی ایس آئی آر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے ملک کو بہت سے ماہرین سے نوازا ہے اور بہت سے سائنسدان بھی دئے ہیں۔ شانتی سوروپ بھٹناگر جیسے عظیم سائنسداں نے اس ادارے کی قیادت کی ہے۔ کسی بھی ملک میں سائنس اور ٹکنالوجی اتنی ہی بلندیوں تک جاتی ہے جتنا بہتر اس کا صنعت اور بازار کا تعلق ہوتا ہے۔ سی ایس آئی آر سائنس، سوسائٹی اور انڈسٹری کے انہی تعلقات کو قائم رکھنے میں مدد کرنے والا ایک نطام ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔