کورونا بحران: دہلی اور مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں کے معاملوں میں گراوٹ

ہندوستان میں کورونا سے شفایات ہونے والوں کی تعداد نے یومیہ نئے مریضوں کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، آیئے نظر ڈالتے ہیں کہ کن ریاستوں میں بہتری آ رہی ہے اور کہاں معاملوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے ہاہاکار مچا ہوا ہے۔ ملک میں اب بھی کورونا کے روزانہ 3.5 لاکھ معاملوں کی تصدیق ہو رہی ہے۔ تاہم گزشتہ کچھ دنوں میں حالات میں کچھ بہتری نظر آ رہی ہے۔ مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں سے ایک ہے اور یہاں رفتہ رفتہ کورونا کے معاملوں میں گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر میں یومیہ کیسز کی تعداد 50 ہزار سے نیچے آ گئی ہے۔

وہیں، ہندوستان میں شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد یومیہ نئے مریضوں کی تعداد سے زیادہ ہو گئی ہے، جس کے سبب فعال کیسز میں گراوٹ درج کی جانے لگی ہے۔ اس سے پہلے اب تک شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ چار دنوں میں تین دن ایسے رہے جب شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد سے زیادہ رہی۔


مہاراشٹر میں جمعہ کے روز کورونا کے 39923 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی، جبکہ متاثرہ مریضوں میں سے مزید 695 افراد کی موت واقع ہو گئی۔ ریاست کے محکمہ صحت کے مطابق 53249 لوگ کورونا کو مات دینے میں کامیاب رہے ہیں، ریاست میں اس وقت 5 لاکھ 19 ہزار سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔

مہاراشٹر کے پونے ضلع میں میوکورمائیکوسس کے تقریباً 270 معاملوں کے انکشاف کے بعد حکومت نے اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لئے مثالی طریقہ کار تیار کیا ہے۔

ادھر، دہلی میں بھی کورونا کے معاملوں میں لگاتار کمی واقع ہو رہی ہے۔ اس کا اثر انفیکشن کی شرح پر بھی پڑا ہے اور یہ کم ہو کر 12 فیصد رہ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز ڈیجیٹل پریس کانفرنس سے کہا کہ دہلی میں آج تقریباً 8500 کیسز آئے ہیں۔ دہلی میں 10 اپریل کے بعد پہلی مرتبہ 10 ہزار سے کم کورونا کے کیسز کی تصدیق کی گئی۔


اتر پردیش میں جمعہ کے روز کورونا وائرس کے سبب مزید 312 مریضوں کی موت واقع ہو گئی جبکہ 15747 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی۔ جمعہ کے روز کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں 300 سے زیادہ مریضوں کی موت کے بعد ریاست میں اموات کی مجموعی تعداد 16958 ہو گئی جبکہ نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد تاحال مجموعی طور رپ 1596628 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 May 2021, 9:42 AM