کورونا بحران: ہندوستان میں ایک دن میں 332730 نئے کیسز، 2263 اموات

ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 332730 نئے کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے، اس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کر گئی

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کا بحران شدت اختیار کر رہا ہے اور ہر روز گزشتہ دن کے مقابلہ انفیکشن کے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، جبک اموات کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ جمعہ کے روز ملک میں لگاتار دوسرے دن کورونا کے تین لاکھ سے زیادہ کیسز درج کئے گئے۔ اس کے علاوہ یہ لگاتار چھٹا دن ہے، جب ملک بھر میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ کورونا وائرس انفیکشن کے معاملے درج ہوئے ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 332730 نئے کورونا کے معاملے درج ہوئے، اس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ سے تجاوز کرتے ہوئے 16263695 ہو گئی ہے۔ اس دوران ملک بھر میں 2263 مریضوں کی موت گئی اور یہ بھی ایک دن میں کورونا وائرس سے ہوئی اموات کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں اس وبا سے جان گنوانے والوں کی کل تعداد 186920 ہو گئی ہے۔


وائرس کے مختلف میوٹینٹوں اور ویرئینٹ سے جوجھتے ہندوستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں لگاتار ہو رہے اضافہ کے درمیان علاج کرا رہے مریضوں کی تعداد بھی لگاتار بڑھ رہی ہے اور کسی وقت صرف ایک لاکھ کے آس پاس پہنچ چکی فعال کیسز کی تعداد اس وقت 24 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

دریں اثنا، ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری ویکسینیشن مہم بھی تیزی سے جاری ہے اور دنیا میں سب سے تیز رفتار سے 10 کروڑ ویکسین ڈوز لگانے کا ریکارڈ قائم کر چکے ہندوستان میں جمعہ کی صبح جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں کورونا وائرس ویکسین کی کل 3147782 ڈوز لگائی گئی ہیں، جنہیں ملا کر ملک بھر میں اب تک 135478420 لوگ کورونا ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔