کورونا کیسز کی رفتار بےقابو، پھر بھی رعائتیں! دہلی ہائی کورٹ نے کی کیجریوال حکومت کی سرزنش

ہائی کورٹ بنچ نے کہا کہ 10 نومبر کو دہلی میں 8593 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، ایسی صورت حال میں دہلی حکومت پابندیوں میں نرمی کیوں لا رہی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود پابندیوں میں نرمی کرنے پر ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کی سرزنش کی ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ جب دوسری ریاستیں سختی برت رہی ہیں تو دہلی حکومت پابندیوں میں نرمی کیوں کر رہی ہے، اس کی وجہ سے یہ انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ہائی کورٹ نے دو ہفتوں میں انفیکشن پر قابو پانے کے اقدامات کے بارے میں دہلی حکومت سے 19 نومبر تک رپورٹ طلب کی ہے۔

جسٹس ہما کوہلی اور سبرامنیم پرساد کے بنچ نے کہا کہ دہلی میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات نے دو ہفتوں میں مہاراشٹر اور کیرالہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دہلی حکومت نے سماجی پروگراموں میں حصہ لینے والے افراد کی تعداد میں اضافہ کرکے 200 کر دیا ہے اور پوری مسافر صلاحیت کے ساتھ بسیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ ایسی صورتحال میں جب معاملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، حکومت کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

بنچ نے پوچھا کہ کیا دہلی حکومت نے انفیکشن پر قابو پانے کے لئے کیا اقدامات کیے ہیں؟ بنچ نے کہا کہ 10 نومبر کو دہلی میں 8593 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے، شہر میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد 4016 ہو گئی ہے۔


بنچ نے کہا کہ تازہ ترین سیرو سروے کے مطابق 25 فیصد لوگوں میں اینٹی باڈیز پائی گئیں۔ ہر چار میں سے ایک کو کوڈ ۔ 19 کا انفیکشن تھا لیکن وہ صحتیاب ہو گیا اور اب کوئی گھر باقی نہیں بچا ہے۔ اس کے علاوہ بنچ نے دہلی حکومت کے آرٹی پی سی آر جانچ کی بجائے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ پر زیادہ انحصار کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔ جبکہ اس سلسلے میں آئی سی ایم آر کی طرف سے کوئی پابندی نہیں ہے۔

بنچ نے دہلی حکومت کے ایڈوکیٹ ستہ کام سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ حکومت ماسک پہننے کو یقینی بنانے کے لئے کوئی قانون کیوں نہیں لا رہی ہے، جس کو کورونا سے بچنے کے لئے حقیقی ویکسین متعارف کرانے تک موثر حفاظتی اقدامات قرار دیا جا رہا ہے۔

بنچ نے کہا کہ پچھلے دو تین ہفتوں میں کورونا کیسز میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت، خطرے کی گھنٹی بجانے اور دہلی حکومت کو سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بنچ نے کہا کہ اب یہ معاملہ ایڈوائزری جاری کرنے سے آگے بڑھ چکا ہے، دہلی حکومت کو اب پابندی لگانی چاہئے۔ ایک عوامی مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کو یہ پھٹکار لگائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔