پٹیالہ: لاک ڈاؤن کے دوران نہنگ سکھوں کا پولیس پر حملہ، 3 اہلکار زخمی، 7 گرفتار

پنجاب کے پٹیالہ ضلع میں نہنگ سکھوں کے ایک گروپ نے پولیس پر حملہ کر کے ایک اے ایس آئی کا ہاتھ کاٹ دیا، واقع میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورنا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤں کے درمیان پٹیالہ میں پنجاب پولیس کی طرف سے کرفیو پاس دکھانے کو کہنے کے بعد نہنگوں (سکھوں کا ایک طبقہ) کے ایک گروپ نے پولیس اہلکار پر حملہ کر دیا۔ اس واقع میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کہیں آنے جانے پر پابندی عائد ہے اور ضروری خدمات انجام دینے والے کرفیو پاس دکھا کر ہی کہیں آ جا سکتے ہیں۔

اسپیشل چیف سکریٹری پنجاب ’کے بی ایس سدھوُ نے بتایا کہ 7 حملہ آور نہنگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دریں اثنا، پولیس کی فائرنگ میں زخمی ایک شخص کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب کے ڈی جی پی نے بتایا، ’’آج صبح ایک افسوس ناک واقعہ میں نہنگوں کے کے ایک گروپ نے پٹیالہ کی سبزی منڈی میں پولیس اہلکار اور منڈی بورڈ کے کچھ افسران کو زخمی کر دیا۔ ہرجیت سنگھ اے ایس آئی (اسسٹنٹ سب انسپکٹر)، جن کا ہاتھ کٹ گیا ہے، انہیں پی جی آئی چندی گڑھ میں داخل کیا گیا ہے، تمام زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔


ڈی جی پی نے کہا ’’میں نے پی جی آئی کے ڈائریکٹر سے بات کی ہے، جنہوں نے سرجری کے لئے پی جی آئی کے ٹاپ پلاسٹک سرجن کو مقرر کیا ہے، سرجری انجام دی جا رہی ہے۔ نہنگ گروپ کی گرفتاری کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔‘‘

اطلاعات کے مطابق، واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب نہنگ سنگھ سناور سبزی منڈی میں خریداری کے لئے پہنچے تھے۔ اس دوران ناکہ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ان سے کرفیو پاس ظاہر کرنے کو کہا۔ اس پر پولیس اور نہنگ سنگھ کے مابین بحث شروع ہوئی۔ معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ نہنگ سنگھوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Apr 2020, 3:19 PM
/* */