کورونا: ایک افواہ نے تلنگانہ کے ’آروگیہ کیندر‘ پر جمع کر دی لوگوں کی زبردست بھیڑ

کورونا کا ٹیکہ نہ لگائے جانے پر راشن کی دکانوں سے دیا جانے والا راشن حکومت کی جانب سے روکے جانے کی افواہ کے بعد کووڈ ٹیکہ لینے کے لیے صحت کے مراکز پر عوام کی طویل قطار دیکھی گئی۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: کووڈ-19 کا ٹیکہ نہ لینے پر راشن کی دکانات سے فراہم کیا جانے والا راشن حکومت کی جانب سے روک دیئے جانے کی افواہ کے بعد کووڈ ٹیکہ لینے کے لیے صحت کے مرکز پر عوام کی طویل قطار دیکھی گئی۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے نوی پیٹ منڈل مستقر میں پیش آیا۔ بعض افراد کی جانب سے اس جھوٹی اطلاع کو پھیلائے جانے کے بعد نہ صرف آروگیہ کیندر پر ٹیکہ لینے کے لئے عوام کی طویل قطار دیکھی گئیں بلکہ قطار بنانے میں بھی بعض خواتین ایک دوسرے سے سبقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

اس موقع پر بعض خواتین ایک دوسرے سے الجھ بھی پڑیں اور معمولی جھگڑے بھی ہوئے۔ اس اطلاع کے عام ہوتے ہی تقریباً 700 افراد ٹیکہ اندازی کے مرکز پہنچ گئے۔ عوام کی بڑی تعداد کو دیکھ کر طبی اہلکاروں نے 500 افراد کو ٹیکہ دینے کا انتظام کیا۔


اس درمیان تلنگانہ کی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے یکم ستمبرسے تعلیمی اداروں کو کھولنے کے سلسلہ میں تمام اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے ایک تلگو نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویومیں کہا کہ اسکولس اور کالجس کے انتظامیہ کو پہلے ہی کوویڈ اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17ماہ کے بعد اسکولس کو کھولا جا رہا ہے۔ تمام اسکولس اور کالجس میں صفائی کے سلسلہ میں مناسب ہدایات دی گئی ہیں، ساتھ ہی اسکولس اور کالجس کی عمارتوں کو جراثیم سے پاک بنانے اور کووڈ کے اصولوں پر عمل کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ صدورمدارس، پرنسپلس مقامی اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کووڈ کے اصولوں پر عمل کرنے کے کام کی نگرانی کریں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ تقریباً 22 ریاستوں میں اسکولس کھول دیئے گئے ہیں جس کے پیش نظرریاست میں یکم ستمبرسے تعلیمی ادارے کھولے جا رہے ہیں۔ بچوں کو بخار آنے پر فوری طورپر ان کو ڈاکٹر سے رجوع کریں، کسی بھی طالب علم کو کووڈ ہونے پر اسکول کے تمام طلبہ کا معائنہ کروایا جائے۔ اسکولس کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ دیگر اہلکاروں کے لئے ٹیکہ لینا ضروری ہے۔ اسکولس میں ماسک اور سینیٹائزرس لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ کلاسس میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2021, 3:53 PM