کورونا: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 95735 نئے کیسز، 1172 اموات

صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے جمعرات کو جاری کورونا وائرس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1172 لوگوں کی کورونا وائرس کے سبب جانیں گئیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں عالمی وبا کووڈ۔ 19 کے نئے ریکارڈ کے ساتھ ہی جمعرات کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ 1172 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے جمعرات کو جاری کورونا وائرس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1172 لوگوں کی وائرس کے سبب جانیں گئیں۔ یہ ایک دن میں کورونا سے مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے ساتھ ہی اموات کی کل تعداد 75091 اور متاثرہ افراد کی کل تعداد 44.65 لاکھ ہوگئی ہے۔

اس سے قبل 8 ستمبر کے اعداد و شمار میں 1133 مریضوں کی وائرس سے موت ہوئی تھی۔ وائرس سے 75091 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ اس برس 30 جنوری کو سامنے آیا تھا اور فی الحال 44 لاکھ 65 ہزار 864 معاملوں کے ساتھ ہندوستان دنیا میں دوسرے مقام پر آگیا ہے۔ کورونا کے جمعرات کو ریکارڈ 95 ہزار 735 معاملے سامنے آئے ہیں۔


راحت کی بات یہ ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 72939 افراد اس وائرس کو مات دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اب تک 3471783 افراد اس خطرناک وائرس کو مات دے چکے ہیں۔ ہندوستان میں اس وقت 9 لاکھ 19 ہزار فعال کیسز ہیں۔ مہاراشٹر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ریاست ہے، جہاں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 23577 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس ریاست میں ایک دن میں 380 افراد لقمہ اجل بھی بن گئے، جو کسی بھی ریاست میں ایک دن میں ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

متاثرہ افراد کے معاملے میں مہاراشٹر کے بعد آندھرا پردیش، کرناٹک، اترپردیش اور تمل ناڈو کا نمبر آتا ہے۔ جہاں بالترتیب 10 ہزار 418، 9 ہزار 540، 6 ہزار 568 اور 5 ہزار 584 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 77.7 فیصد لوگ صحت یاب ہو رہے ہیں، جبکہ اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم 1.6 فیصد رہ گئی ہے۔ آئی سی ایم آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11.29 لاکھ افراد کے نمونے لئے گئے، جبکہ اب تک 52934433 افراد کا مجموعی طور پر کورونا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔