’گاندھی اسمرتی‘ کے رسالہ ’اَنتم جَن‘ کا ساورکر پر شائع خصوصی شمارہ تنازعہ کا شکار

گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی کے ذریعہ شائع رسالہ ’اَنتم جَن‘ کے تازہ شمارہ کے صفحہ اول پر ہندوتوا مفکر ساورکر کی تصویر اور خصوصی شمارہ کو لے کر ایک بحث شروع ہو گئی ہے۔

رسالہ کا صفحہ اول اور ایک مضمون کا عکس
رسالہ کا صفحہ اول اور ایک مضمون کا عکس
user

وشو دیپک

گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی کے ذریعہ شائع رسالہ ’اَنتم جَن‘ کے تازہ شمارہ کے صفحہ اول پر ہندوتوا نظریہ ساز ساورکر کی تصویر اور خصوصی شمارہ کو لے کر ایک بحث شروع ہو گئی ہے۔ مہاتما گاندھی کے قتل کے ملزم رہے ساورکر پر خصوصی شمارہ گاندھی اسمرتی کے ذریعہ ہی شائع کیے جانے پر گاندھی واد، مورخین اور سول سوسائٹی کے لوگ کافی ناراض ہیں۔ ان لوگوں نے ’گاندھی دَرشن‘ سے اس چھیڑ چھاڑ کو لے کر مرکز کی مودی حکومت پر حملہ کیا ہے۔

’گاندھی شانتی پرتشٹھان‘ کے سربراہ کمار پرشانت نے اس خصوصی شمارہ کو ’فاشزم کا برہنہ مظاہرہ‘ قرار دیا ہے، جبکہ مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی نے بھی اس پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رسالہ کے قارئین کو یہ بھی تفصیل سے بتائے کہ آخر ساورکر کو مہاتما گاندھی کے قتل میں سازشی کے طور پر ملزم کیوں بنایا گیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی مرکزی حکومت کی وزارت ثقافت کے ماتحت کام کرتی ہے۔ اس کی دیکھ ریکھ میں مہاتما گاندھی سے جڑی چیزوں وغیرہ کی ایک میوزیم اور لائبریری ہے جس میں تقریباً 60 ہزار کتابیں ہیں اور گاندھی کی تقریباً 6 ہزار اصل تصویریں موجود ہیں۔

’گاندھی اسمرتی‘ کے رسالہ ’اَنتم جَن‘ کا ساورکر پر شائع خصوصی شمارہ تنازعہ کا شکار

بہرحال، تشار گاندھی نے ’نیشنل ہیرالڈ‘ سے بات چیت میں کہا کہ ہندوتوادی طاقتیں طویل مدت سے ساورکر کو ایک عظیم مجاہد آزادی کے طور پر قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن وہ یہ بات لوگوں کو بتانے سے بچتی رہی ہیں کہ ساورکر نے برطانوی دور میں انگریزی حکومت کو کئی رحم کی عرضیاں لکھیں اور جب ہندوستان مہاتما گاندھی اور کانگریس کی قیادت میں آزادی کی جنگ لڑ رہا تھا، اس وقت ساورکر انگریزوں کے ذریعہ دی جا رہی پنشن لے رہے تھے۔ تشار گاندھی نے سوال اٹھایا کہ ’’آخر ساورکر کا تحریک آزادی میں کیا تعاون ہے... وہ (ہندوتوادی طاقتیں) لوگوں کو یہ کیوں نہیں بتا پاتے؟‘‘


ہندوستان کے آزاد ہونے کے تقریباً 19 سال بعد ساورکر کی 1966 میں موت ہو گئی تھی۔ ساورکر کو ملک کی آزادی سے 23 سال پہلے ہی 1924 میں انگریزوں نے جیل سے رہا کر دیا تھا۔ رہائی کے بعد تاحیات یعنی موت تک کانگریس کے سیکولر نظریہ کے خلاف ساورکر نے سوائے ہندوتوا کو فروغ دینے کے کچھ نہیں کیا۔

تشار گاندھی نے اس بات پر گہری مایوسی ظاہر کی کہ اب ساورکر کو قائم کرنے کے لیے بھی وہ گاندھی جی کے نام کا استعمال کر رہے ہیں۔ انھوں نے اسے افسوسناک قرار دیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ گاندھی جی سے جڑے سبھی اداروں کو حکومت اور نوکرشاہی کے چنگل سے آزاد کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اگر حکومت گاندھی جی کے نام سے جڑے اداروں پر کنٹرول کرے گی تو اس قسم کی باتیں آنے والے وقت میں بھی لگاتار ہوتے رہنے کا اندیشہ ہے۔ ایسے میں گاندھی جی کے نظریات پر ایک سیاسی نظریہ کو اثرانداز بنائے جانے کا خطرہ ہے۔‘‘

’گاندھی اسمرتی‘ کے رسالہ ’اَنتم جَن‘ کا ساورکر پر شائع خصوصی شمارہ تنازعہ کا شکار

’گاندھی شانتی پرتشٹھان‘ سے جڑے کمار پرشانت نے حالانکہ اس ایشو پر زیادہ کچھ نہیں کہا لیکن اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو ایسے ایشوز پر رد عمل دیتے وقت سوچنا چاہیے کہ آخر ہم فاشزم کے خلاف لڑائی میں کیا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزارتِ ثقافت کو اس بات کا اختیار ہے کہ وہ جو چاہے شائع کرے، لیکن عام لوگوں اور سول سوسائٹی کا فوکس فاشزم اور ہندوتوادی نظریہ کو ہرانے پر ہونا چاہیے۔‘‘

غور کرنے والی بات یہ ہے کہ رسالہ ’اَنتم جَن‘ کے کور یعنی صفحہ اول پر ساورکر کی تصویر ہے اور گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی کے نائب سربراہ اور بی جے پی لیڈر وجئے گویل نے ساورکر کو اپنے مضمون میں ’عظیم محب وطن‘ کہا ہے۔ افسوس یہ بھی ہے کہ رسالہ کا پہلا مضمون مذہبی عدم برداشت پر گاندھی جی کے لکھے مضامین کے طور پر دوبارہ شائع کیا گیا ہے۔ دوسرا مضمون ساورکر پر ہے جو ہندوتوا مفکر پر وجئے گویل نے لکھا ہے۔ اس کے علاوہ رسالہ میں ساورکر پر سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مضمون کو ’ساورکر ایک اَگنی‘ عنوان کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں رسالہ کے مدیر پروین دَت شرما کا مضمون ’گاندھی کا غصہ‘ عنوان سے شائع کیا گیا ہے۔


اس خصوصی شمارہ کو لے کر اٹھے تنازعہ پر گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی کے نائب سربراہ وجئے گویل نے کہا تھا کہ رسالہ کا خصوصی شمارہ ساورکر پر اس لیے ہے کیونکہ 28 مئی کو ساورکر کا یومِ پیدائش ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ویر ساورکر ایک عظیم شخص تھے۔ گاندھی جی بھی بہت عظیم تھے، اسی طرح پٹیل بھی عظیم تھے۔ ہمیں ان کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنی چاہیے۔ انگریزی حکومت میں جتنا وقت ساورکر نے جیل میں گزارا اتنا وقت کسی اور نے جیل میں نہیں گزارا۔‘‘ گویل نے مزید کہا کہ رسالہ تحریک آزادی سے جڑے مجاہدین آزادی پر خصوصی شمارے شائع کرتی رہے گی اور اگست کا شمارہ ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے لیے وقف ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی گاندھی اسمرتی اور دَرشن سمیتی کے سربراہ ہیں۔ گاندھی اسمرتی کو پہلے 30 جنوری مارگ واقع بڑلا ہاؤس کے نام سے جانا جاتا تھا۔ اسی جگہ 30 جنوری 1948 کو مہاتما گاندھی کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ بعد میں بڑلا ہاؤس کو ایک میوزیم میں بدل دیا گیا تھا۔


بہرحال، رسالہ کے ساورکر پر خصوصی شمارہ کو لوک سبھا میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے مایوس کن بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مرکزی حکومت گاندھی جی سے جڑے اداروں کی حد سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا تھا ’’موجودہ حکومت کو مطمئن کرنے کے لیے تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے جو افسوسناک ہے۔‘‘

ویسے مہاتما گاندھی کے قتل پر حال میں شائع ایک کتاب کے مصنف اور صحافی دھیریندر کمار جھا کا کہنا ہے کہ ’’گاندھی جی کے قتل کی سازش کے ہر پہلو کی ٹھیک طرح جانچ نہیں ہو پائی تھی۔ گاندھی جی کے قتل کے کافی وقت بعد معاملے کی جانچ کے لیے کپور جانچ کمیشن 1966 میں بنایا گیا تھا۔ اس کمیشن نے صاف کہا تھا کہ ساورکر اور ان کی قیادت میں دیگر لوگوں نے گاندھی جی کے قتل کی سازش تیار کی تھی۔ مقدمے کے دوران ساورکر کو صرف شبہات کا فائدہ ملا تھا، ایسے میں انھیں اس الزام سے بری نہیں مانا جا سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔