’ایسی خواتین کی کوکھ سے پیدا ہوتے ہیں زناکار‘، اندرا جے سنگھ پر کنگنا کا نازیبا تبصرہ

مشہور اور متنازعہ اداکارہ کنگنا رانوت نے ملک کی معروف وکیل اندرا جے سنگھ کے خلاف انتہائی بیہودہ بیان دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عصمت دری کرنے والے ان جیسی خواتین کی کوکھ سے پیدا ہوتے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نربھیا عصمت دری معاملہ مستقل خبروں میں بنا ہوا ہے اور اب مجرموں کو پھانسی دینے کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ نربھیا کے والدین ذرائع ابلاغ کے لئے سیلیبریٹی سے کم نہیں ہیں اور اسی وجہ سے حال ہی میں دہلی اسمبلی انتخابات میں یہ بات بہت تیزی کے ساتھ پھیلی کہ نربھیا کی والدہ اسمبلی چناؤ لڑ سکتی ہیں اور اس خبر کے پھیلنے کے بعد ان کو اس بات سے انکار کرتے ہوئے صفائی بھی دینی پڑی۔ حال ہی میں ملک کی معروف وکیل اندرا جے سنگھ نے نربھیا کے والدین کو مشورہ دیتے ہوئے بیان دیا تھا کہ انھیں اپنی بیٹی کے مجرموں کو معاف کر دینا چاہئے جیسے سونیا گاندھی نے راجیو گاندھی کے قاتلوں کو معاف کر د یا۔ یہ خبر بھی سرخیوں میں رہی تھی۔

اندرا جے سنگھ کے اس بیان کے بعد نربھیا کے والدین کا انتہائی سخت رد عمل سامنے آیا تھا۔ نربھیا کی والدہ نےکہا تھا کہ اندرا جے سنگھ ہوتی کون ہیں اس معاملہ میں دخل اندازی کرنے والی اور ایسے ہی لوگوں کی وجہ سے ملک میں عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اب بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رانوت نے بھی اندرا جے سنگھ کے بیان پر اپنا رد عمل دیا ہے، جو انتہائی نازیبا ہے۔ کنگنا نےکہا ہے کہ ’’اندرا جے سنگھ جیسی خواتین کی کوکھ سے عصمت دری کرنے والے پیدا ہوتے ہیں اور ایسی خواتین کو عصمت دری کرنے والوں کے ساتھ چار دن جیل میں رکھنا چاہئے۔‘‘


واضح رہے کہ بدھ کی شام کو کنگنا کی آنے والی فلم’پنگا ‘ کی خصوصی اسکریننگ تھی جس کے بعد ان سے کسی نے نربھیا معاملے پر رد عمل پوچھ لیا۔ سوال کے جواب میں کنگنا نے کہا کہ ’’مجرموں کو سب کے سامنے پھانسی دینی چاہئے‘‘۔کنگنا نے مزید کہا کہ ’’اس معاملہ میں مجرم نابالغ تھا جو عصمت دری کرسکتا تھا۔ عصمت دری کرنے کے قابل ہے تو اسے کس حساب سے نابالغ کہا جاسکتا ہے۔ ایسے لوگوں کو چوراہے پر پھانسی دے دینی چاہئے۔‘‘

قابل غور ہے کہ معروف وکیل اندرا جے سنگھ اکیلی نہیں ہیں جو پھانسی کی سزا کے خلاف ہیں۔پوری دنیا میں پھانسی کی سزا کی مخالفت ہوتی ہے اور کئی ممالک میں تو پھانسی کی سزا قانون میں ہی نہیں ہے اور اس پر پابندی ہے۔ جس طرح اندرا جے سنگھ نے اپنی رائے رکھی ایسے کوئی بھی اپنی رائے رکھ سکتا ہے لیکن جس زبان کا استعمال کنگنا رنوت نے کیا اس کو غصہ نہیں کہا جا سکتا بلکہ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان کے زمرے میں آتا ہے۔ کنگنا ویسے بھی ایسے متنازعہ بیانات دینے کے لئے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے ریتک روشن کے خلاف بھی کافی ایسے بیان دیئے تھے جن سے پرہیز کیا جا سکتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Jan 2020, 10:11 AM