وزیر اعظم کے آگے پیچھے ’کھانے پینے‘ والے لوگ موجود: بی جے پی ممبر پارلیمنٹ

بیگوسرائے سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ بھولا سنگھ کا ماننا ہے کہ پارٹی میں بدعنوان لوگوں کی موجودگی کے سبب ملک میں ترقیاتی کام متاثر ہو رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ بھولا سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے آگے پیچھے رہنے والے لوگوں پر ’کھانے پینے‘ کا الزام عائد کر کے نریندر مودی کے ’زیرو ٹولرینس‘ والے دعویٰ کی ہوا نکال دی۔ بہار کے بیگو سرائے سے تعلق رکھنے والےبھولا سنگھ نے وزیر اعظم کے قریبی لوگوں کے ساتھ ساتھ اپنی ہی پارٹی کے لیڈروں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم کے جو بھی ہاتھ پاؤں ہیں وہ امیدوں پر کھرا نہیں اتر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے آگے پیچھے کے لوگ کھانے پینے میں لگے ہوئے ہیں۔‘‘ ان کی باتوں سے صاف ظاہر ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی کارگزاریوں سے وہ ناخوش ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے جو وعدے وزیر اعظم نے کیے ہیں وہ وفا نہیں ہوئے۔

بھولان سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ٹیم پر سوالیہ نشان لگانے کے ساتھ ساتھ بہا رمیں بی جے پی کی خستہ حالی پر بھی اپنی رائے ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں پارٹی کی صورت اور سیرت دونوں بدل گئی ہے۔ پارٹی کی تکنیک بھی پہلے کے مقابلے بہت بدل گئی ہے۔ بہار میں جنتا دل یو کے ساتھ بی جے پی کے اشتراک اور نتیش کی کارکردگی سے بھی وہ خوش نظر نہیں آئے۔ انھوں نے کہا کہ نتیش کمار اب بہار کے وزیر اعلیٰ نہیں رہے بلکہ سماج کے مصلح بن گئے ہیں۔ وہ بہار میں شراب بندی، جہیز کی روایت، کم عمری میں شادی پر پابندی جیسے سماجی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں، بقیہ چیزیں کہیں پیچھے چھوٹ گئی ہیں۔

واضح رہے کہ بھولا سنگھ نے اس سے پہلے بھی اپنی پارٹی کے خلاف آواز بلند کی تھی۔ نومبر 2015 میں بھی جب بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست ہوئی تھی تو انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کو برا بھلا کہا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ دونوں کی انتخابی پالیسی پوری طرح ناکام ثابت ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی انتخابات میں ہاری نہیں ہے بلکہ اس نے خودکشی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔