ایودھیا میں دھنی پور مسجد کی تعمیر اب تک شروع نہیں ہوئی! کئی محکموں نے لٹکائی ’این او سی‘

انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے ڈیڑھ سال قبل ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں نقشہ کی منظوری کے لئے درخواست کی تھی لیکن متعلقہ محکموں سے این او سی جاری نہیں ہونے کی وجہ سے تعمیری کام شروع نہیں ہو سکا ہے

دھنی پور مسجد کا ماڈل / تصویر بذریعہ @IndoIslamicCF
دھنی پور مسجد کا ماڈل / تصویر بذریعہ @IndoIslamicCF
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا: ایودھیا کے دھنی پور میں مسجد کی تعمیر ابھی تک شروع نہیں ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے ڈیڑھ سال قبل ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں نقشہ کی منظوری کے لئے درخواست پیش کی تھی لیکن متعلقہ محکموں کی جانب سے این او سیز جاری نہیں کئے جانے کی وجہ سے تعمیری کام شروع ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ بابری مسجد-رام مندر تنازعہ پر 9 نومبر 2019 کو فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی تمام زمین مندر کو سونپنے کے ساتھ ہی مسجد تعمیر کے لئے ایودھیا کی سوہاول تحصیل کے دھنی پور گاؤں میں 5 ایکڑ زمین دینے کا فیصلہ سنایا تھا۔ مسجد تعمیر کے حوالہ سے نقشہ کو ابھی تک منظوری نہیں مل سکی ہے، کیونکہ کئی محکمووں نے این او سی جاری نہیں کی ہے۔


رپورٹ کے مطابق ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نقشہ کو منظوری فراہم کرنے سے قبل 8 محکموں سے این او سی طلب کی گئی تھی لیکن ان تمام محکموں نے این او سی جاری نہیں کی ہے۔ تاحاصل صرف فائر بریگیڈ نے ہی موقع پر جانچ کی ہے، جس میں پایا گیا کہ جس طرح کی مسجد تعمیر ہونی ہے اس کے لئے ایپروچ روڈ کی چوڑائی 10 میٹر ہونی چاہئے، جبکہ موجودہ چوڑائی صرف 6 میٹر ہے۔ لپذا فائر بریگیڈ نے این او سی جاری کرنے سے منع کر دیا۔

اس سلسلہ میں انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن مسجد ٹرسٹ کے ترجمان ارشد افضال خان نے بتایا کہ ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 15 جولائی کو خط ارسال کرتے ہوئے 8 محکموں سے این او سی طلب کی تھی لیکن کسی بھی محکمہ نے تاحال این او سی جاری نہں کی ہے۔ فائر بریگیڈ کے اعتراض کے بعد فاؤنڈیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایپروچ روڈ کو 6 میٹر سے بڑھا کر 12 میٹر کرے تاکہ فائر بریگیڈ سے این او سی جاری ہو سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔