’لوگوں کو جوڑنا اور ان کی عزت کرنا آسام کی روح میں رچا بسا ہے‘، آسام کے جورہاٹ سے راہل گاندھی نے دیا اتحاد کا پیغام

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آسام کا یہ انتخاب زوبین گرگ جی اور ہیمنت بسوا سرما کی سوچ کے درمیان میں ہے۔ ایک طرف محبت، اتحاد، بھائی چارہ اور احترام۔ دوسری طرف نفرت، تشدد، بدعنوانی اور تکبر۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر بشکریہ&nbsp;@INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی آسام میں آئندہ اسمبلی انتخاب کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ پہلے ریاست کے کاربی آنگلونگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ’’آسام پھولوں کا گلدستہ ہے، جس میں الگ الگ مذاہب، ذات اور نظریات کے لوگ رہتے ہیں۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے جورہاٹ میں منعقدہ ایک عظیم الشان ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے یہاں بھی لوگوں سے متحد ہو کر اور پیار محبت سے رہنے کی اپیل کی اور آئندہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کے ’ہاتھ‘ کو مضبوط کرنے کے لیے کہا۔ ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’آسام کا پیغام صاف ہے – آ رہی ہے کانگریس۔‘‘

جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’آسام شنکر دیو جی، بھوپین ہزاریکا جی، جیوتی پرساد اگروال جی، ترون گوگوئی جی اور زوبین گرگ جی جیسی شخصیتوں کی سرزمین ہے۔ ان سب کے اندر آسام کی روح بسی تھی۔ ان سب نے ایک ہی بات کہی - لوگوں کو جوڑنا ہے، نفرت کو مٹانا ہے اور محبت پھیلانی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’آسام میں یہ سوچ بہت گہری ہے۔ لوگوں کو جوڑنا اور ان کی عزت کرنا آسام کی روح میں رچا بسا ہے۔ مگر آج آسام کے وزیر اعلیٰ نفرت پھیلا رہے ہیں اور لوگوں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔‘‘


راہل گاندھی نے اپنے خطاب کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹرمپ سب کے سامنے کہتا ہے کہ میں نریندر مودی کا سیاسی کیریئر 2 منٹ میں ختم کر سکتا ہوں۔ ٹرمپ روزانہ مودی کو برا بھلا کہتا ہے لیکن ان کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا، کیونکہ مودی جانتے ہیں کہ ٹرمپ کہ ہاتھ میں ہی ان کا مستقبل ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’اگر ٹرمپ نے مودی سے کہا جمپ مارو تو نریندر مودی جمپ مارنے لگیں گے، ایسا اس لیے کیونکہ ٹرمپ کے ہاتھ میں مودی کا کنٹرول ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر نے خطاب کے دوران آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو بھی ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آسام کا یہ انتخاب زوبین گرگ جی اور ہیمنت بسوا سرما کی سوچ کے درمیان میں ہے۔ ایک طرف محبت، اتحاد، بھائی چارہ اور احترام۔ دوسری طرف نفرت، تشدد، بدعنوانی اور تکبر۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’آپ کانگریس کی حمایت کریں، ہم یہاں ایسی حکومت بنائیں گے جو غریبوں کے لیے کام کرے گی۔ ایسی حکومت جو آسام کے لیے ہوگی اور آسام ہی سے چلے گی۔‘‘


معروف گلوکار زوبین گرگ کو یاد کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’زوبین گرگ جی نے سب کی مدد کی۔ سب کو عزت دیا۔ اتحاد اور بھائی چارے کی بات کی۔ جو بھی غریب شخص زوبین جی کے پاس جاتا تھا، وہ خوشی کے ساتھ لوٹتا تھا۔ زوبین جی کا نظریہ ہیمنت بسوا سرما کے نظریہ کے خلاف تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے آسام وزیر اعلیٰ کو براہ راست ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ہیمنت بسوا سرما نے جس کے ساتھ بھی کام کیا، سب کو دھوکہ دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔