سشما نے گمراہ کیا، ان کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک جلد: کانگریس

کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے موصل معاملہ میں پارلیمنٹ اور ملک دونوں کو گمراہ کیا ہے اس لیے پارٹی راجیہ سبھا میں مراعات شکنی کی تحریک پیش کرے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس موصل میں مارے جانے والے 39 ہندوستانیوں کی خبر چھپانے اور ملک کو دھوکے میں رکھنے سے متعلق آج ایک بار پھر مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کی تنقید کی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ سشما سوراج نے عراق کے موصل میں 39 ہندوستانیوں کے قتل کے معاملہ میں پارلیمنٹ اور ملک دونوں کو گمراہ کیا ہے اس لئے پارٹی ان کے خلاف راجیہ سبھا میں مراعات شکنی کی تحریک پیش کرے گی۔

کانگریس کے سینئر لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا، امبیکا سونی اور شمشیر سنگھ ڈلو نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں صحافیوں کو اس سلسلے میں بتایا کہ وزیر خارجہ نے چار سال تک دہشت گرد تنظیم داعش کے ذریعہ یرغمال بنائے گئے ہندوستانیوں کے بارے میں صحیح معلومات فراہم نہیں کی اور پارلیمنٹ اورمتاثرہ کنبہ کے اراکین کو گمراہ کیا ہے اس لئے محترمہ سوراج کے خلاف راجیہ سبھا میں مراعات شکنی کی تحریک پیش کی جائے گی۔

مسٹر باجوا نے کہا کہ حکومت نے اس معاملہ میں بہت غیر حساس کردار ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے ہر مرتبہ کہا کہ تمام ہندوستانی زندہ ہیں۔ مودی حکومت کے ذریعہ یہاں تک دعویٰ کیا گیا کہ ان کو کھانے جیسی ضروری اشیا مل رہی ہیں۔ راجیہ سبھا میں وزیر خارجہ کے ذریعہ سبھی 39 ہندوستانیوں کی موت کے بارےمیں اطلاع دینے کے بعد ان کے کنبہ کوکافی تکلیف ہوئی ہے جو چار سال سے اپنے اقربا کے واپس آنے کا انتظار کر رہے تھے۔

انہوں نے یرغمال بنائے گئے ہندوستانیوں کے قتل کے لئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ دہشت گردوں نے دیگر ممالک کے شہریوں کا بھی اغوا کیا تھا لیکن متعدد ملکوں کی حکومتوں نے اپنے لوگوں کو بچایا ہے۔ ہماری حکومت نے اس معاملہ میں ملک کو گمراہ کیا ہے۔

مسٹر باجوا نے کہا کہ کانگریس نے اس معاملہ میں وزیر خارجہ کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ سوال کئے جانے پر کہ کیا اسی طرح کی تحریک لوک سبھا میں بھی پیش کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ پہلے راجیہ سبھا میں یہ تحریک لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اس معاملہ سے توجہ ہٹانے اور عوام کے سوالوں سے بچنے کے لئے پارلیمنٹ میں کام نہیں ہونے دے رہی ہے۔

انہوں نے حکومت سے متاثر ہ کنبہ کو ایک ایک کروڑ روپیہ معاوضہ دینے کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ کنبہ کے ایک فرد کو ملازمت ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر کنبہ کو ہر ماہ 20 ہزار روپے دے رہی ہے اور یہ رقم اس وقت تک دی جائے گی جب تک مرکز کی جانب سے اس بارے میں ٹھوس فیصلہ نہیں کیا جاتا ہے۔

محترمہ سونی نے کہا کہ اس معاملہ میں وزیر خارجہ نے ہر بار گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کبھی کسی کو حقیقی صورت حال نہیں بتائی۔ اس بارے میں ان سے جب بھی پوچھا گیا ہر بار ان کا رویہ ٹال مٹول کا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔