کانگریس تلنگانہ کے عوام کو دی گئی گارنٹی کو پورا کرے گی، ووٹنگ سے قبل پرینکا گاندھی کا بیان
پرینکا گاندھی نے کہا کہ خواتین جب کوئی عہد کر لیتی ہیں تو اسے پورا کر کے ہی دم لیتی ہیں۔ ہم تلنگانہ آئیں گے اور ہر ضمانت کو پورا کریں گے۔ ہم سچائی، دیانت اور نیکی کے راستے پر چل کر تاریخ رقم کریں گے

نئی دہلی: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے 30 نومبر کو ووٹنگ سے ایک دن قبل کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بدھ کو نسوانی قوت کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی پارٹی ریاست کے لوگوں کو دی گئی تمام ضمانتوں کو پورا کرے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں پرنکا گاندھی نے کہا، ’’جب خواتین کوئی عہد کر لیتی ہیں تو اسے پورا کر کے ہی دم، لیتی ہیں۔ ہم تلنگانہ آئیں گے اور ہر ضمانت کو پورا کریں گے۔ ہم سچائی، دیانت اور نیکی کے راستے پر چل کر تاریخ رقم کریں گے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے 38 سیکنڈ سے زیادہ طویل ویڈیو بھی منسلک کی جس میں انہوں نے کہا، ’’جب میں اپنی والدہ سونیا گاندھی سے بات کر رہی تھی اور انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ میں تلنگانہ میں اپنی عوامی میٹنگوں میں کیا بولتی ہوں تو میں نے جواب دیا کہ میں ’سچ‘ بولتی ہوں۔‘‘
ویڈیو میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ ایک ماں کی حیثیت سے سونیا گاندھی نے انہیں کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کا احترام کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے انہیں بتایا کہ پارٹی کے تمام لیڈروں نے ریاست کے لوگوں کو دی گئی ضمانتوں کو پورا کرنے کا عہد کیا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی کے لیے ووٹنگ 30 نومبر کو ہونی ہے اور کانگریس برسراقتدار بی آر ایس سے اقتدار چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران لوگوں کے لیے 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثنا، حکمراں بی آر ایس ریاست میں اپنی مسلسل تیسری جیت کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ جنوبی ریاست میں 2290 امیدوار میدان میں ہیں۔ ووٹوں کی گنتی راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور میزورم کے ساتھ 3 دسمبر کو ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
