نوٹ بندی سے چھوٹے کاروباری برباد: راہل

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: کانگریس کے قومی نائب صدر راہل گاندھی نے آج اس سال کے آخر میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم کا آغاز کیا۔ گجرات انتخابات کے مدنظر پارٹی میں مضبوطی لانے کے لیے راہل گاندھی احمد آباد پہنچے۔ اس دورہ میں وہ گجرات کے 182 انتخابی حلقوں میں کام کر رہے پارٹی کارکنان کے ساتھ گفت و شنید کریں گے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے احمد آباد ائیر پورٹ پر راہل گاندھی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں راہل گاندھی نے یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے ذریعہ منعقد بائک ریلی میں شرکت کی جو احمد آباد ائیر پورٹ سے سابرمتی ریور فرنٹ تک گئی۔

راہل گاندھی نے سابرمتی ریور فرنٹ پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گجرات حکومت اور مرکزی حکومت پر زبردست حملہ کیا۔ نوٹ بندی کو سرکاری ڈرامہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’نوٹ بندی کی وجہ سے چھوٹے کسان اور چھوٹے کاروباری برباد ہو گئے۔ نوٹ بندی کی وجہ سے ملک کی شرح ترقی رُک گئی ہے اور معیشت بے حال ہو چکی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مرکزی حکومت نے نوٹ بندی کے بعد جی ایس ٹی پر بھی ڈرامہ کیا۔ یہی سبب ہے کہ انھوں نے راتوں رات بغیر کسی ٹرائل کے اسے نافذ کر دیا۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے گجرات کے چھوٹے تاجروں پر سب سے زیادہ اثر پڑا ہے۔ مودی حکومت ہمیشہ سے بڑے تاجروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے چھوٹے تاجروں کے خلاف منصوبے تیار کرتی ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے تقریب میں موجود سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بڑے تاجروں کے خلاف نہیں ہوں، لیکن جتنی مدد بڑے تاجروں کو ملتی ہے اتنی ہی چھوٹے تاجروں کو بھی ملنی چاہیے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجر گجرات کی طاقت ہیں اور انھیں مضبوط کرنا لازمی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ملک کے 50 بڑے تاجروں پر ہی ان کی پوری توجہ مرکوز ہے، جب کہ کانگریس پارٹی چھوٹے بڑے سبھی تاجروں کے بارے میں سوچتی ہے۔ مرکز کی پالیسیوں کی وجہ سے گجرات کے چھوٹے اور درمیانی تاجر، نوجوان اور پاٹیدار بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے اس مرتبہ گجرات اسمبلی انتخابات میں 125 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کا نشانہ رکھا ہے۔ اس پروگرام میں راہل گاندھی نے پارٹی کارکنان سے متحد رہنے کی اپیل کی۔ گزشتہ دنوں گجرات میں اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس کے 14 ممبران اسمبلی نے پارٹی چھوڑ دی تھی اور ان میں سے 8 بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ اس کے مدنظر راہل گاندھی نے کہا کہ گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کسی بھی باہری کارکن کو ٹکٹ نہیں دے گی۔ اس دورہ میں راہل گاندھی گجرات میں 4000 اسکوائر کلو میٹر کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔