نتیش حکومت کے مفت بجلی اعلان پر کانگریس کا ردعمل، ’اسمارٹ میٹر کے بہانے عوام کو لوٹا، اب جواب دینے کا وقت‘

نتیش حکومت کی مفت بجلی اسکیم کو کانگریس نے انتخابی چال قرار دیا۔ اسمارٹ میٹر سے بل تین گنا بڑھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں اور اس بار جواب دے گی

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

اسمبلی انتخابات سے قبل بہار میں 125 یونٹ مفت بجلی دینے کے نتیش حکومت کے فیصلے پر جہاں جے ڈی یو (جنتا دل یونائیٹڈ) اور این ڈی اے (نیشنل ڈیموکریٹک الائز) کی جماعتوں نے اسے عوامی فلاح کا قدم قرار دیا، وہیں اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اکھلیش پرساد سنگھ نے اس اعلان کو ’چناوی اسٹنٹ‘ قرار دیتے ہوئے نتیش حکومت پر کئی الزامات عائد کیے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ بہار میں اسمارٹ میٹر کے نام پر بجلی کے بلوں کو تین سے چار گنا تک بڑھا دیا گیا ہے اور اب مفت یونٹ کی آڑ میں عوام کو دوبارہ گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بجلی کی نجکاری کے بعد سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں، عوامی احتجاج ہوئے لیکن حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

اکھلیش سنگھ نے دعویٰ کیا کہ پچھلے بیس سالوں میں نتیش حکومت نے صرف وعدے کیے، عملی ترقی صفر رہی۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں بہار صحت، تعلیم اور صنعت جیسے اہم شعبوں میں ہمیشہ پیچھے رہا ہے اور حالیہ نیتی آیوگ کی رپورٹ بھی اسی کی گواہی دیتی ہے، جس کے مطابق بہار ملک کی 28 بڑی ریاستوں میں سب سے نچلے مقام پر ہے۔


انہوں نے پٹنہ شہر کی بگڑتے ہوئے نظم و نسق پر بھی سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ راجدھانی میں جرائم اپنی انتہا پر ہیں۔ انہوں نے ایک تازہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو میں گھس کر ایک شخص کا قتل کر دیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بہار میں عوام کی جان و مال محفوظ نہیں۔

اکھلیش پرساد سنگھ نے نتیش کمار کو بی جے پی کی ’کٹھ پتلی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بی جے پی کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے اور اب عوام اس ڈرامے کو سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف انتخابات سے پہلے اعلانات کرتی ہے اور بعد میں عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیتی ہے۔

کانگریس رہنما نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دس سال قبل موتیہاری میں بند پڑی شوگر مِل کو کھولنے کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہوا۔ اسی طرح 1.25 لاکھ کروڑ اور 1.80 لاکھ کروڑ روپے کے پیکجز کا اعلان بھی محض خواب ہی رہا۔ ان وعدوں کا کوئی زمینی اثر نظر نہیں آیا۔

آخر میں اکھلیش سنگھ نے دعویٰ کیا کہ اس بار بہار کی عوام ان وعدوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور انتخابات میں نتیش حکومت کو سخت سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا ووٹر اب حساب مانگے گا اور یہ چالاکیاں زیادہ دن نہیں چلنے والی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔