’لاڈکی بہن‘ اسکیم میں 10 ہزار کروڑ کی کٹوتی پر کانگریس برہم: مودی اور فڑنویس پر اعتماد توڑنے کا الزام
مہاراشٹر کانگریس نے ’لاڈکی بہن‘ اسکیم میں 10 ہزار کروڑ کی کٹوتی کو انتخابی دھوکہ قرار دیا۔ 40 لاکھ خواتین متاثر، کانگریس نے مودی اور فڑنویس حکومت کو بے اعتبار ٹھہرایا

ممبئی: مہاراشٹر کانگریس نے 'لاڈکی بہن' اسکیم میں کی گئی کٹوتی کو عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ قرار دیا ہے اور مرکز کی مودی حکومت اور ریاستی ڈپٹی وزیراعلیٰ فڈنویس پر اعتماد توڑنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس کے قومی ترجمان اتل لونڈے اور سینئر لیڈر و رکن اسمبلی نتن راوت نے بدھ کے روز حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم محض انتخابی ہتھکنڈا تھی، جس کے ذریعے خواتین کو ووٹ کے بدلے پیسے دے کر فریب دیا گیا۔
اتل لونڈے نے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’لاڈکی بہن‘ اور ’لاڈلا بھاؤ‘ جیسے نعرے صرف انتخابات تک محدود رہے۔ انتخابات ختم ہوتے ہی حکومت نے نہ صرف وعدے بھلا دیے بلکہ اسکیم کے بجٹ میں 10 ہزار کروڑ روپے کی زبردست کٹوتی کر کے تقریباً 40 لاکھ خواتین کو اس سے باہر کر دیا۔ انہوں نے کہا، "یہ محض کٹوتی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، جس کے تحت خواتین کو استعمال کیا گیا۔"
لونڈے نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر یہ اسکیم درست اور عوامی مفاد میں تھی تو حکومت نے اب اس میں کٹوتی کیوں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حکومت نے صرف ووٹ حاصل کرنے کے لیے اسکیم کا سہارا لیا اور اب عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سماجی بہبود کے محکمے کے 6 ہزار کروڑ روپے بھی غیرقانونی طور پر دوسری اسکیموں میں منتقل کیے گئے ہیں، جس کا براہِ راست اثر ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقے کے طلبہ کی اسکالرشپ اور تعلیمی سہولیات پر پڑے گا۔
ادھر کانگریس رکن اسمبلی نتن راوت نے کہا کہ "یہ سب تو ہونا ہی تھا۔ خواتین معمولی رقم کے لیے بہک گئیں۔ ان لوگوں کی چالاکیوں کا ہمیں پہلے سے اندازہ تھا۔ یہ حکومت صرف چکنی چپڑی باتوں سے بہلاتی ہے اور جب وقت آتا ہے تو سب کچھ بدل دیتی ہے۔"
راوت نے مزید کہا کہ ان حکومتوں کو کبھی بھی معتبر نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ ان کے اقدامات میں ہمیشہ دھوکہ چھپا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "آج نہ لاڈکی بہن کی بات ہو رہی ہے، نہ لاڈلا بھاؤ کی۔ یہ حکومت صرف جذبات سے کھیلتی ہے۔"
کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو عوام کے درمیان لے جائے گی اور حکومت کی دھوکہ دہی کو بے نقاب کرے گی۔ پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر بجٹ میں کی گئی کٹوتی واپس لے اور تمام مستحق خواتین کو اسکیم سے جوڑا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔