جموں کشمیر کے نائب وزیر اعلی کو ہٹایا جائے: کانگریس

سشمتا دیو نے الزام لگایا کہ جو لوگ عصمت دری کے قصورواروں کی حمایت کررہے ہیں انہیں عہدے دئے جارہے ہیں، یہ خواتین مخالف ذہنیت کی علامت ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جےپی خاتون مخالف ہے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کٹھوعہ عصمت دری کو معمولی واقعہ قراردینے سے متعلق جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی کوندرگپتا کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی سے انھیں فوراً عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس ترجمان اور کانگریس خواتین شاخ کی صدر سشمتادیو نے صحافیوں سے کہا کہ کٹھوعہ عصمت دری کے واقعہ کے سلسلہ میں جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی کا بیان آیا ہے کہ یہ چھوٹا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس اس بیان کی سخت مذمت کرتی ہے اور وزیر اعظم سے گپتا کو فوراً عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ گپتا کو خواتین کے تحفظ کے تئیں سنجیدہ ہونا چاہئے لیکن ان کا بیان اس کے برعکس ہے۔

سشمتا دیونے الزام لگایا کہ جو لوگ عصمت دری کے قصورواروں کی حمایت کررہے ہیں انہیں عہدے دئے جارہے ہیں۔ یہ خواتین مخالف ذہنیت کی علامت ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی عورتوں کی مخالف ہے۔

سشمتا دیو نے کہا ’’ہم یہ کہتے ہیں کہ خواتین کی حفاظت، ان کے ساتھ ظلم و ستم کا دور ایک بچی کے ساتھ عصمت دری کے واقعہ پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ ہم اس معاملہ پر بیان بازی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 May 2018, 8:50 AM