اقتصادی بحران سے توجہ ہٹانے کے لئے شیو کمار کو گرفتار کیا گیا، کانگریس کا بیان

کانگریس نے کہا ہے کہ ڈی کے شیو کمار کی گرفتاری کی وجہ عوام کی توجہ ملک کو درپیش اقتصادی بحران سے ہٹانا ہے۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انفورسمنٹ ڈاریکٹریٹ (ای ڈی) نے کل شام منی لانڈرنگ کے الزام میں کرناٹک کے سابق وزیر اور کانگریس کے بڑے رہنما ڈی کے شیو کمار کو دہلی میں گرفتار کر لیا ہے۔ اس گرفتاری کے تعلق سے ای ڈی کے ایک افسر نے بتایا کہ شیو کمار سوالوں کا جواب نہیں دے رہے تھے اور پوچھ تاچھ میں تعاون نہیں کر رہے تھے ۔ شیو کمار اور ان کے حامیوں کو اس کا اندازہ تھا کہ ای ڈی شیو کمار کو گرفتار کر سکتی ہے اس لئے انہوں نے کرنٹاک ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کی عرضی داخل کی تھی جسے عدالت نے خارج کر دیا تھا۔ اس کے بعد ہی شیو کمار دہلی میں ای ڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے ۔

اپنی گرفتاری کے بعد شیو کمار نے بی جے پی پر بدلے کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ٹویٹ میں بی جے پی کو اپنے مشن میں کامیاب ہونے کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ سیاست پر مبنی ہے اور بی جے پی بدلے کی سیاست کر رہی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور حامیوں سے مایوس نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور خدا اور عدلیہ پر ان کا پور ا اعتماد ہے ۔


کانگریس نے شیو کمار کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کے اعلی رہنماؤ کے خلاف سازش کی جا رہی ہے اور ان کے ساتھ بدلے کی سیاست کی جا رہی ہے ۔کانگریس نے کہا ہے کہ ڈی کے شیو کمار کی گرفتاری مودی حکومت کی اپنی ناکام پالیسیوں اور خراب معیشت سے عوام کی توجہ ہٹانے اور گمراہ کرنے کی ایک کوشش ہے ۔

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بھی ڈی کے شیو کمار کی گرفتاری کو بے روزگاری اور بد حال معیشت سے توجہ ہٹانے کی ایک چال بتایا ہے۔ دوسری جانب ڈی کے شیو کمار کی گرفتاری کو لے کر کانگریس کارکنان میں زبردست غصہ ہے اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے ای ڈی دفتر کے باہر ہنگامہ بھی کیا ۔کرناٹک کانگریس نے اس گرفتاری کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان بھی کیا ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Sep 2019, 8:00 AM