لکھنؤ ریلی: پرینکا کا روڈ شو ختم، لوگوں کی بھیڑ نے رقم کی تاریخ

کانگریس کی جنرل سکریٹری بننے کے بعد پرینکا گاندھی پہلی مرتبہ اتر پردیش پہنچیں اور تقریباً پانچ گھنٹے کے روڈ شو نے ظاہر کر دیا کہ سرگرم سیاست میں ان کی آمد سے یو پی کے لوگ کتنے خوش ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

11 Feb 2019, 5:58 PM

کانگریس نوجوانوں اور کسانوں کو ان کا حق دلائے گی: راہل گاندھی

پرینکا گاندھی کا قافلہ لکھنؤ واقع کانگریس صدر دفتر پہنچ چکا ہے۔ یہاں راہل گاندھی موجود لوگوں سے خطاب کر رہے ہیں اور اپنی تقریر میں انھوں نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ ہر ریاست میں پارٹی فرنٹ فُٹ پر کھیلے گی۔ اس دوران انھوں نے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے کانگریس صدر دفتر میں موجود زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں کے نوجوان کہتے ہیں کہ مودی جی نے سال میں دو کروڑ لوگوں کو ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن انھوں نے صرف انل امبانی کو فائدہ پہنچایا کیونکہ ’چوکیدار چور ہے‘۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کسانوں کے ایشوز بھی سامنے رکھے اور کہا کہ مودی حکومت نے ان پر ظلم کر رکھا ہے اور ان کی پالیسیاں کسان مخالف ہیں۔ کانگریس کی پوری ٹیم ان کو حق دلانے کے لیے کام کرے گی۔

اپنی تقریر کے آخر میں راہل گاندھی نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور خصوصی طور پر کانگریس کارکنان سے کہا کہ ’’اس قدر پیار و محبت دینے کے لیے میں آپ کا شکرگزار ہوں اور اب آپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ کانگریس کے لیڈروں کو زمینی حقیقت سے روشناس کرائیں اور مسائل کو ان کے سامنے رکھیں۔‘‘

11 Feb 2019, 4:59 PM

پرینکا گاندھی کا قافلہ حضرت گنج سے کانگریس صدر دفتر کی طرف بڑھا

پرینکا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر کانگریس لیڈران و کارکنان کا قافلہ حضرت گنج سے لکھنؤ کانگریس صدر دفتر کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ حضرت گنج میں پرینکا گاندھی نے مہاتما گاندھی، سردار پٹیل اور بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو ہار پہنایا۔ بعد ازاں پرینکا گاندھی کے ساتھ ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی، جیوترادتیہ سندھیا و دیگر چند کانگریس لیڈران ایک بار پھر ٹرک پر سوار ہو گئے۔ یہ ٹرک اب سیدھے لکھنؤ واقع کانگریس صدر دفتر پہنچے گی جہاں کانگریس کارکنان کی زبردست بھیڑ صبح سے ہی ان کا انتظار کر رہی ہے۔

11 Feb 2019, 4:06 PM

ہمارا ہدف اتر پردیش کا آئندہ اسمبلی انتخاب ہے: راہل گاندھی

پرینکا کی ریلی کے دوران کانگریس صدر راہل گاندھی نے اتر پردیش کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ جب تک اتر پردیش میں کانگریس نظریہ والی حکومت نہیں بن جاتی، جدوجہد کرتے رہیں گے اور عوام پر ہو رہے مظالم کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ملک کے چوکیدار نے یو پی کے لوگوں کا پیسہ چرایا ہے اور ان کے خلاف ہم فرنٹ فُٹ پر کھیلیں گے۔‘‘ ساتھ ہی راہل گاندھی نے یہ بات بھی صاف کر دیا کہ ان کا ہدف یو پی کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دے کر کانگریس کی حکومت قائم کرنا ہے اور اسی مقصد سے پرینکا گاندھی و جیوترادتیہ کو ریاست کا جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔


11 Feb 2019, 3:43 PM

بس سے اتر کر کار کی چھت پر سوار ہوئے راہل اور پرینکا

پرینکا گاندھی کی ریلی دھیرے دھیرے لکھنو کانگریس ہیڈکوارٹر کی جانب بڑھ رہی ہے، لیکن اس درمیان ریلی تھوڑی دیر کے لیے روکنی پڑی۔ دراصل لکھنو کی سڑکوں پر بجلی کے تار کافی نیچے ہیں جس کی وجہ سے بس کی چھت پر سوار پرینکا گاندھی، راہل گاندھی، جیوترادتیہ سندھیا، راج ببر سمیت سبھی کانگریس لیڈروں اور سیکورٹی اہلکاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس مسئلہ کا حل نکالتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی اور یو پی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کار کی چھت پر بیٹھ گئے اور لوگوں کے جوش کو کم نہیں ہونے دیا۔ وہ کار کی چھت پر بیٹھ کر لوگوں سے ہاتھ ملا رہے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

11 Feb 2019, 3:12 PM

پرینکا کی ریلی میں لگاتار بڑھ رہی بھیڑ، لگ رہے ’چوکیدار چور ہے‘ کے نعرے

پرینکا گاندھی کی ریلی جیسے جیسے کانگریس صدر دفتر کی جانب بڑھ رہی ہے، بھیڑ میں لگاتار اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ کانگریس کارکنان میں میں جوش تو نظر آ ہی رہا ہے، عام لوگ بھی سڑکوں کے کنارے پرینکا گاندھی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ جگہ جگہ ’چوکیدار چور ہے‘ کا نعرہ بھی سنائی پڑ رہا ہے۔ اس درمیان کچھ لوگوں نے اپنے جسم پر ’چوکیدار چور ہے‘ پینٹ کر لیا ہے اور کیمرے کے سامنے پوز دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔


11 Feb 2019, 2:21 PM

’پرینکا نہیں یہ آندھی ہے، آج کی اندرا گاندھی ہے‘

اودھ ہاسپیٹل چوراہا سے پرینکا گاندھی کا قافلہ گزر رہا ہے۔ راہل گاندھی، جیوترادتیہ سندھیا، راج ببر سمیت بس کی چھت پر سوار سبھی کانگریس لیڈران قافلہ کے ساتھ چل رہے کانگریس کارکنان اور سڑکوں کے کنارے کھڑی بھیڑ کا استقبال کر رہے ہیں۔ لکھنو کے عوام پرینکا میں اندرا گاندھی کی شبیہ دیکھ رہے ہیں اور میڈیا سے بات چیت کے دوران وہ اس بات پر مطمئن نظر آ رہے ہیں کہ اب بی جے پی کو شکست دینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کانگریس کارکنان میں پرینکا کی سیاست میں آمد کے بعد سے جو جوش دیکھنے کو مل رہا تھا، وہ آج اس ریلی میں بھی کھل کر سب کے سامنے آ گیا ہے۔ جگہ جگہ کانگریس کارکنان ’پرینکا نہیں یہ آندھی ہے، آج کی اندرا گاندھی ہے‘ کے نعرے بھی لگا رہے ہیں۔

11 Feb 2019, 2:00 PM

سیاست میں پرینکا کی انٹری سے یو پی عوام بے حد خوش

’’پرینکا گاندھی جیسے لیڈر کی ہمارے ملک کو ضرورت ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں اور سیاست میں ان کی انٹری کے بعد کانگریس زبردست کامیابی حاصل کرنے والی ہے۔‘‘ یہ کہنا ہے پرینکا گاندھی کا استقبال کرنے سڑک کناروں جمع بھیڑ میں سے ایک شخص کی۔ جہاں جہاں سے پرینکا گاندھی کا قافلہ گزر رہا ہے وہاں گھروں کے اوپر اور سڑکوں پر بھی خواتین کی بھی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بھیڑ اس قدر زیادہ ہے کہ ٹریفک جام کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔


11 Feb 2019, 1:44 PM

’رائے بریلی کا طوفان، بدلے سارا ہندوستان‘ کے لگ رہے نعرے

پرینکا گاندھی کی ریلی ٹرانسپورٹ نگر میٹرو اسٹیشن پہنچ گئی ہے اور کانگریس کارکنان کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی بھیڑ ریلی سے الگ ہونا نہیں چاہ رہے۔ سبھی بس کے ساتھ ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ وہاں میڈیا کے کئی لوگ بھی موجود ہیں اور ریلی میں موجود لوگوں سے ان کا نظریہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ پرینکا گاندھی کو مسیحا بتا رہے ہیں تو کچھ لوگ انھیں عجوبہ بتا رہے ہیں۔ کئی لوگ پرینکا گاندھی کو اتر پردیش کا مستقبل قرار دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی والوں کی حالت خستہ ہو گئی ہے۔ کچھ لوگ نعرہ لگا رہے ہیں کہ ’رائے بریلی کا طوفان، بدلے سارا ہندوستان‘۔

11 Feb 2019, 1:37 PM

یو پی میں چل پڑی ’پرینکا ایکسپریس‘، روڈ شو کے ساتھ چل رہے بچے، مرد و خواتین

پرینکا گاندھی کا روڈ شو آگے بڑھ رہا ہے اور ساتھ میں بچے، مرد و خواتین کی بھیڑ سڑکوں پر ان کا استقبال کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کئی مقامات پر دیواروں پر پرینکا گاندھی کے چاہنے والے کانگریس کا پرچم لیے ان کا استقبال کر رہے ہیں۔ کانگریس کارکنان اور عام لوگوں کی بھیڑ اس قدر زیادہ ہے کہ پولس اور سیکورٹی والوں کو کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پرینکا گاندھی کا قافلہ کافی پرجوش نظر آ رہا ہے اور دھیرے دھیرے کانگریس صدر دفتر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پرینکا گاندھی یہاں چار دنوں کے دورہ پر آئی ہیں اور اس درمیان کئی میٹنگیں ہونے والی ہیں۔


11 Feb 2019, 1:20 PM

روڈ شو میں نظر آ رہی ہے لوگوں کی زبردست بھیڑ

پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ روڈ شو شروع ہو چکا ہے اور پرینکا کے ساتھ ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی پرجوش لوگوں کا ہاتھ ہلا کر ان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔ روڈ شو میں بس کی چھت پر یو پی کانگریس کے انچارج راج ببر بھی نظر آ رہے ہیں۔ جتن پرساد، آر پی این سنگھ اور پی ایل پونیا بھی بس کی چھت پر پرینکا گاندھی کے ساتھ ہیں۔

11 Feb 2019, 1:09 PM

روڈ شو شروع، پرینکا کے ساتھ بس کی چھت پر ہیں راہل اور جیوترادتیہ

لکھنؤ میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو شروع ہو چکا ہے۔ لکھنو ائیر پورٹ کے باہر کانگریس کارکنان اور عام لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ یہاں بالکل جشن جیسا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ روڈ شو میں بس پر پرینکا گاندھی کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی اور جیوترادتیہ سندھیا سوار ہیں۔ سبھی بس کی چھت پر کھڑے ہیں اور لوگوں کا ہاتھ ہلا کر لوگوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ بس کی چھت پر سیکورٹی کے کچھ اسٹاف بھی موجود ہیں۔


11 Feb 2019, 12:40 PM

پرینکا گاندھی لکھنؤ ائیر پورٹ پہنچیں، روڈ شو کا آغاز کچھ دیر میں

جنرل سکریٹری بنائے جانے کے بعد پرینکا گاندھی پہلی بار اتر پردیش کے دورہ پر لکھنؤ ائیر پورٹ پہنچ گئی ہیں۔ تھوڑی ہی دیر میں ان کا روڈ شو شروع ہونے والا ہے۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی، جیوترادتیہ سندھیا اور دیگر کئی سرکردہ لیڈران بھی روڈ شو میں شامل ہوں گے۔

11 Feb 2019, 12:16 PM

یو پی کانگریس نے پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں عوام کو کیا مدعو

اتر پردیش کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے عوام کو پرینکا گاندھی کے روڈ شو میں مدعو کیا ہے۔ ساتھ ہی اس نے لکھا ہے کہ ’’نئے دور میں لکھیں گے مل کر نئی کہانی۔‘‘ پارٹی نے عوام کے ساتھ مل کر تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔


11 Feb 2019, 11:09 AM

پرینکا اور جیوترادتیہ کے ساتھ آپ سبھی سے ملنے کے لیے پرجوش ہوں: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی نے صبح ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ’’لکھنؤ آ رہا ہوں۔ پرینکا گاندھی وڈرا جی اور جیوترادتیہ سندھیا جی ساتھ ہوں گے۔ دوہپر تقریباً 12 بجے، لکھنؤ کے ہوائی اڈہ سے پارٹی صدر دفتر تک روڈ شو کا انعقاد کیا گیا ہے۔ آپ سبھی سے ملنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘‘

اس درمیان میڈیا ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی صبح کانگریس صدر راہل گاندھی کے گھر پہنچیں اور پھر راہل گاندھی و جیوترادتیہ سندھیا کے ساتھ لکھنؤ روڈ شو کے لیے نکلیں۔ راہل گاندھی کچھ دیر کے لیے دہلی واقع آندھرا بھون پہنچے جہاں اس وقت وہ چندرا بابو نائیڈو کے دھرنے میں شامل ہو کر اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو مودی حکومت کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ یہاں سے راہل گاندھی سیدھے لکھنو کے لیے روانہ ہوں گے۔

11 Feb 2019, 10:28 AM

لکھنؤ روڈ شو میں شامل ہونے کے لیے پرینکا دہلی سے روانہ

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی لکھنؤ میں روڈ شو کے لیے دہلی سے روانہ ہو چکی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ان کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی اور مغربی اتر پردیش کے انچارج جیوترادتیہ سندھیا بھی ہیں۔ پرینکا لکھنو میں 14 کلو میٹر طویل روڈ شو کریں گی اور وہاں ان کا لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ جگہ جگہ پوسٹر اور بینر بھی ان کے استقبال کے لیے لگے ہوئے ہیں۔ کچھ پوسٹر میں انھیں ’آندھی‘ کہہ کر مخاطب کیا جا رہا ہے تو کچھ میں انھیں ’دُرگا‘ کا روپ دیا گیا ہے۔


11 Feb 2019, 9:33 AM

کانگریس کارکنان کو پرینکا کا بے صبری سے انتظار

اتر پردیش کے لوگ پرینکا کے لیے سراپا انتظار نظر آ رہے ہیں۔ جنرل سکریٹری بنائے جانے کے بعد اتر پردیش میں پرینکا کی پہلی آمد نے پوری ریاست کا ماحول بدل دیا ہے اور کانگریس کارکنان ہی نہیں بلکہ عام لوگ بھی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ لکھنؤ واقع کانگریس دفتر پھولوں سے سجا دیا گیا ہے اور جگہ جگہ پرینکا گاندھی کے استقبال میں بینر لگے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ بینر پر ’آ گئی بدلاؤ کی آندھی، راہل سَنگ پرینکا گاندھی‘ جیسے نعرے بھی لکھے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

11 Feb 2019, 9:05 AM

جنرل سیکریٹری بننے کے بعد پرینکا پہلی بار اتر پردیش پہنچنے والی ہیں

پرینکا گاندھی نے لکھنؤ پہنچنے سے پہلے اتر پردیش کے عوام کو دئے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اتر پردیش کے عوام سے ملنے کے لئے بہت پر جوش ہیں اور وہ اس ملاقات کے لئے لکھنؤ پہنچ رہی ہیں ۔ ان کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی اور مغربی اتر پردیش کے ذمہ دار جیوتی راجے سندھی بھی موجود رہیں گے۔ اس موقع پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ ’’لکھنؤ آ رہا ہوں، پرینکا گاندھی، اور جیوتی راجے سندھیا جی ساتھ ہوں گے۔ دوپہر قریب 12 بجے لکھنؤ کے ہوائی اڈے سے پارٹی کے صدر دفتر تک روڈ شو کا انتظام کیا گیا ہے ۔ آپ سے ملنے کے لئے بہت پر جوش ہوں‘‘۔

ادھر کل پرینکا گاندھی نے کہا تھا کہ وہ عوام کے ساتھ مل کر ایک نئی سیاست کا آغاز کریں گی۔ واضح رہے پرینکا کو مشرقی اتر پردیش کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔