کانگریس کے راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی نے محمد جنید سے ملاقات کر بڑھایا حوصلہ
عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ملک بھر کے طلباء کی خدمت کے لیے جنتر منتر پر پیش پیش رہنے والے محمد جنید کو حراست میں لینا اور ہراساں کرنا اس نظام کا سب سے شرمناک چہرہ تھا۔

نئی دہلی: نئی دہلی کے تاریخی جنتر منتر پر طلبا تحریک کے دوران کھانا تقسیم کرنے والے محمد جنید نے کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے قومی چیئرمین اور راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی سے ان کی رہائش گاہ پر پیر کے روز ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں نے مختلف سماجی اور مفاد عامہ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ محمد جنید نے عمران پرتاپ گڑھی کو طلبا کی تحریک کے دوران درپیش چیلنجز اور اس وقت درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ عمران پرتاپ گڑھی نے ان کی بات توجہ سے سنی اور انہیں ہر ممکن تعاون اور منصفانہ حل کا یقین دلایا۔

عمران پرتاپ گڑھی نے محمد جنید سے ملاقات کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہوں نے محمد جنید کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس، اپوزیشن آپ کے ساتھ ہے۔ عمران نے جنید کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ مظاہرین کو کھانا فراہم کرنے میں کوئی غیر قانونی بات نہیں تھی۔ کانگریس پارٹی آپ کے ساتھ ہے۔ پوری اپوزیشن آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم آپ کو قانونی مدد کے ساتھ ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے۔ آپ کو اب کسی سے ڈرنا نہیں چاہیے۔‘‘
عمران پرتاپ گڑھی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے طلباء کی خدمت کے لیے جنتر منتر پر پیش پیش رہنے والے محمد جنید کو حراست میں لینا اور ہراساں کرنا اس نظام کا سب سے شرمناک چہرہ تھا۔ ملک بھر میں لوگ اپنی اپنی سطح پر بچوں کی خدمت کر رہے تھے، اور جنید نے بھی انسانیت کے ناطے طلباء کی مدد کی۔ کانگریس لیڈر نے حکومت سے یہ اپیل بھی کی کہ طلبا تحریک میں خدمت کرنے والے ساتھیوں کو ڈرانا بند کرے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
