مودی حکومت ڈوکلام اور تبت کی سچائی عوام سے کیوں چھپا رہی ہے: کانگریس

کانگریس کا دعویٰ ہے کہ ڈوکلام کے ساتھ ساتھ تبت میں بھی چین اپنی فضائی فوج کی سرگرمی میں اضافہ کر رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے ڈوکلام اور تبت میں چین کی بڑھتی سرگرمیوں سے متعلق مودی حکومت سے سوال پوچھا ہے کہ وہ عوام سے یہاں کی حقیقی صورت حال کیوں چھپا رہی ہے۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ ڈوکلام کے ساتھ ساتھ تبت میں بھی چین اپنی فضائیہ کو مضبوط کر رہا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں چین نے تبت میں ائیر فورس کو مضبوط کیا ہے اور وہاں 51 جنگی جہازوں کی تعیناتی کی ہے۔ دعوؤں کے مطابق تبت سیکٹر میں چین نے 20 فیصد زیادہ جنگی جہاز تعینات کیے ہیں جو کہ ہندوستان کے لیے باعث فکر ہے۔

کانگریس نے ڈوکلام اور تبت میں چین کی بڑھتی سرگرمیوں کے مدنظر مودی حکومت سے کئی سوال پوچھے ہیں۔ کانگریس نے مودی حکومت سے پوچھا ہے کہ آخر کار ملک کے سامنے حقیقی صورت حال کیوں پیش نہیں کیا جاتا۔ اس نے سوال کیا ہے کہ ’’مودی حکومت اس ایشو سے کیوں انکار کر رہی ہے؟ آخر مودی حکومت ملک کے سامنے حقیقی تصویر کیوں نہیں رکھتی؟ کیا ہمارا ملک محفوظ ہے؟‘‘

حال ہی میں آئی خفیہ رپورٹ کے مطابق تبت میں چین نے گزشتہ تین ہفتوں میں 47 سے 51 کی تعداد میں جنگی جہاز تعینات کیے ہیں جو کہ گزشتہ سال جنوری کے مقابلے 10 زیادہ ہیں۔ چین نے تبت کے لہاسا-گونگکا میں 8 جنگی جہاز تعینات کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی چین 22 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر، ایک ائیر بورن کے جے 500 طیارہ آسمان میں نظر رکھنے کے لیے تعینات کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، چین نے زمین سے ہوا میں مار کرنے والی میزائل یونٹ سمیت کئی جنگی جہازوں اور اسلحوں کا بھی انتظام کیا ہے۔ خبروں کے مطابق سکم میں بھی چین کے کئی جنگی جہاز دیکھے گئے ہیں۔

ڈوکلام کے ایشو پر چین لگاتار ہندوستان کو آنکھیں دکھاتا رہا ہے۔ چین یہ برسرعام کہہ چکا ہے کہ ڈوکلام اس کی سرحد میں ہے۔ چین نے جس طرح کا رویہ اختیار کر رکھا ہے اسے دیکھ کر صاف پتہ چلتا ہے کہ وہ ڈوکلام میں ہندوستان کی دخل اندازی برداشت نہیں کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */