چین کی دراندازی پر حکومت جواب دے: کانگریس

وینوگوپال نے کہا کہ جب کوئی حکومت ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے میں بری طرح ناکام ہو جاتی ہے، تو ہر شہری کا اخلاقی فرض ہے کہ اسے جوابدہ ٹھہرائے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر یو این آئی</p></div>
i
user

یو این آئی

کانگریس نے کہا ہے کہ چین سرحد پر دراندازی کر رہا ہے اور حکومت پارلیمنٹ میں اس اہم معاملےپر کسی بھی سوال کا جواب نہیں دے رہی ہے۔کانگریس نے اس معاملے پر حکومت کی خاموشی کو نہایت سنگین قرار دیا اور کہا کہ جب حکومت پارلیمنٹ میں سننے کو تیار نہیں تو اس سے پارلیمنٹ کے باہر بھی سوال کیے جائیں گے اور جواب دینا پڑے گا۔

کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے دیر رات یہاں ایک بیان میں پارلیمنٹ کے باہر بھی اس معاملےپر پارٹی کے سرگرم ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ جب پارلیمنٹ خاموش ہو جائے تو سڑکوں پر گونج سنائی دینی چاہیے۔


انہوں نے کہاکہ "چینی دراندازی کا مسئلہ نہ صرف سنگین ہے بلکہ یہ قومی خودمختاری کے بنیادی اصول پر بھی حملہ ہے۔ ہم نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بارہا جواب مانگا ہے۔ لیکن یہ حکومت، جو ہر وقت تشہیر اور کھوکھلی شیخی میں لگی رہتی ہے، اصل سوالات کا سامنا کرنے سے گھبراتی ہے۔"

وینوگوپال نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی حکومت ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے میں بری طرح ناکام ہو جاتی ہے، تو ہر شہری کا اخلاقی فرض ہے کہ اسے جوابدہ ٹھہرائے۔ لیکن مودی کے دور میں سوال پوچھنا ’ملک کا دشمن‘ سمجھا جاتا ہے، خاموش رہنا حب الوطنی ہے، اور ’سچا ہندوستانی‘ ہونے کا تمغہ ان بزدل، بے ریڑھ کی ہڈی والے اور آنکھوں پر پٹی باندھے ہوئے لوگوں کو دیا جاتا ہے۔