کانگریس صدر سونیا گاندھی کی چادر ’بریلی شریف‘ کے لیے روانہ

اس موقع پر سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی ایک روایت ہے کہ اس نے ہمیشہ سے سب کو اعتماد اور سب کو ساتھ میں لے کر ملک کی ترقی اتحاد، امن اور ترقی کے لئے کام کیا ہے

تصویر بذریعے پریس ریلیز
تصویر بذریعے پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بریلی شریف درگاہ پر چادر پوشی کے مقصد سے بدھ کے روز چادر کو روانہ کر دیا۔ انہوں نے آل انڈیا اقلیتی کانگریس کے وفد کو چادر سونپی جو کہ بریلی شرف درگاہ جا کر اسے وہاں پیش کرے گا۔

کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ذریعہ بریلی شریف درگاہ کو چادر روانہ کئے جانے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ کانگریس پارٹی کی ایک روایت ہے کہ اس نے ہمیشہ سے سب کو اعتماد اور سب کو ساتھ میں لے کر ملک کی ترقی اتحاد، امن اور ترقی کے لئے کام کیا ہے۔

طارق انور نے کہا کہ درگاہیں امن و امان کی علامت ہیں اور صوفیاء نے ہمیشہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی قابل قدر خدمات انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح مہنت، سنت اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے ہمیشہ ملک میں امن و اتحاد کے لئے کام کیا ہے، جو بھی مذہب ہو وہ امن اور اتحاد کی بات کرتا ہے اور وہ باہمی ہم آہنگی کا سب سے بڑا پرچارک ہوتاہے۔


طارق انور نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی شروع سے ہی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور یہ کانگریس پارٹی کااثاثہ ہے۔ کانگریس پارٹی نے ہی سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر ملک کی آزادی کی جنگ لڑنے کا کام کیا۔ کانگریس پارٹی کا اعتماد کامل ہے کہ ملک اسی وقت مضبوط اور ترقی پذیر ہو سکتا ہے جب تمام معاشرے اور مذاہب کے لوگوں کو آگے بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت اور تشددکی زیادہ عمر نہیں ہوتی ہے اور وہ اپنی موت سے مرجاتا ہے، دنیا نے ہمیشہ امن کی وکالت کی ہے اور امن کے پیغامبر چاہے ان کی ذات یا مذہب سے کوئی بھی ہو اس سے قطع نظر ان کا احترام کیا ہے۔ اس موقع پر کانگریس کے رہنما ہریش راوت، سلمان خورشید، راشد علوی، حسن احمد، ندیم جاوید، پی سی چاکو، ہارون یوسف اور دیگرلوگ موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔