حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ بانٹنے والوں کی سچائی سامنے آ گئی: سونیا گاندھی

کانگریس ورکنگ کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ دہلی میں شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں کسان تحریک سمیت کئی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ کو سب سے پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے خطاب کیا۔

سونیا گاندھی
سونیا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ایک انتہائی اہم میٹنگ جمعہ کے روز دہلی میں شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں کسان تحریک سمیت کئی ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ڈبلیو سی کی میٹنگ کو سب سے پہلے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ دوسروں کو حب الوطنی اور نیشنلزم کا سرٹیفکیٹ بانٹنے والے اب پوری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں۔ میٹنگ میں سونیا گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کسان تحریک کے درمیان کسان تنظیموں سے بات چیت کے نام پر حکومت نے حیران کرنے والی بے حسی اور تکبر کا مظاہرہ کیا ہے۔

کانگریس صدر نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ایک ہفتہ میں پارلیمنٹ اجلاس شروع ہونے والا ہے۔ حالانکہ یہ بجٹ اجلاس ہے، لیکن مفاد عامہ کے کئی ایسے ایشوز ہیں جن پر اس اجلاس میں پوری طرح بحث کیے جانے کی ضرورت ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا حکومت اس پر متفق ہوگی؟ یہ دیکھنے والا معاملہ ہے۔‘‘ مرکزی حکومت کے تینوں نئے زرعی قوانین کے خلاف چل رہی کسان تحریک کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ’’کسانوں کی تحریک جاری ہے اور حکومت نے بات چیت کے نام پر حیران کرنے والی بے حسی اور تکبر کا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘


سونیا گاندھی نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’یہ ظاہر ہو چکا ہے کہ زرعی قوانین جلد بازی میں بنائے گئے ہیں اور پارلیمنٹ کو ان کے اثرات پر غور کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ ہم ان قوانین کو خارج کرتے ہیں کیونکہ یہ فوڈ سیکورٹی کی بنیادوں کو منہدم کر دیں گے۔‘‘ سونیا گاندھی نے ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر اِن چیف ارنب گوسوامی اور ٹی وی چینلوں کی ریٹنگ ایجنسی بارک کے سابق سی ای او پارتھو داس گپتا کی افشا واٹس ایپ چیٹ معاملہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’حال ہی میں ہم نے بہت ہی پریشان کرنے والی خبریں دیکھی ہیں، کہ کس طرح سے قومی سیکورٹی کے ساتھ سمجھوتہ کیا گیا ہے۔ جو لوگ دوسروں کو حب الوطنی اور نیشنلزم کا سرٹیفکیٹ تقسیم کرتے ہیں وہ اب پوری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں۔‘‘ کانگریس صدر نے ملک کی معاشی حالت پر بھی فکر کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت نجکاری کو لے کر بہت جلدبازی میں نظر آ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */