گوا: راہل نے کی منوہر پاریکر کی عیادت، جلد صحتیابی کے لئے دیں نیک خواہشات

گوا میں حزب اختلاف کے قائد چندرکانت کولیکر نے بتایا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی عیادت کی اور 5 منٹ تک ان کے ساتھ رہے، بعد میں انہوں نے ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر راہل گاندھی منگل کے روز اچانک گوا اسمبلی پہنچے اور انہوں نے گوا کے علیل چل وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کی عیادت کی۔ گوا میں حزب اختلاف کے قائد چندر کانت کولیکر نے کہا، ’’راہل نے وزیر اعلی منوہر پاریکر سے ملاقات کی۔ وہ پانچ منٹ تک ان کے پاس موجود رہے اور ان کا حال چال جانا۔‘‘

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا راہل گاندھی نے رافیل آڈیو ٹیپ کو لے کر بات چیت کی تو کولیکر نے کہا، ’’یہ ایک ذاتی ملاقات تھی، اس معاملہ پر بات نہیں ہوئی۔ راہل گاندھی اگلے مہینے گوا کا باضابطہ دورہ کر سکتے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے گوا میں کانگریس ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔

وزیر اعلی منوہر پاریکر سے ملاقات کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں کہا، ’’میں صبح کے وقت گوا کے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لئے گیا تھا۔ ان سے ملاقات کر کے جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات دیں، یہ ایک ذاتی ملاقات تھی۔‘‘

راہل گاندھی نے گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر سے ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب کچھ روز قبل ہی انہوں نے رافیل معاملہ کو لے ایک ایک ٹوئٹ کیا تھا اور پاریکر کے حوالہ سے بڑا دعوی کیا تھا۔ کانگریس صدر نے ٹوئٹ میں کہا تھا ’’سابق وزیر دفاع (منوہر پاریکر) کے پاس رافیل سودے کے حوالہ سے ’دھماکہ خیز دستاویز‘ موجود ہیں، جس سے انہوں نے وزیر اعظم مودی پر پکڑ بنائی ہوئی ہے۔‘‘

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آڈیو ٹیپ میں وزیر صحت وشوجیت رانے سے کسی کو یہ کہتے بھی سنا گیا تھا کہ پاریکر کے پاس رافیل کی اصل فائلیں موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاریکر کی قیادت والی انتظامیہ جانچ نہیں کرا رہی ہے۔

غور طلب ہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی اپنی والدہ اور یو پی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی کے ساتھ ہفتہ کے روز سے گوا کے نجی دورے پر گئے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔