کانگریس صدر کھڑگے کی جانب سے خواجہ غریب نواز کے عرس پر چادر پیش، عمران پرتاپ گڑھی نے پڑھا پیغام

خواجہ غریب نواز کے عرس مبارک پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف پر چادر پیش کی گئی۔ راجیہ سبھا ایم پی عمران پرتاپ گڑھی نے ان کا پیغام پڑھا اور امن و بھائی چارے کی دعا مانگی

<div class="paragraphs"><p>تصویر پریس ریلیز</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

خواجہ غریب نواز حضرت معین الدین چشتی اجمیری کے 814 ویں عرس کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی جانب سے درگاہِ اجمیر شریف پر روایتی چادر پیش کی گئی۔ اس موقع پر کانگریس اقلیتی محکمہ کے قومی صدر اور راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی دہلی سے اجمیر پہنچے اور زائرین کے سامنے کانگریس صدر کا خصوصی پیغام پڑھا۔

چادر پیش کرنے کی رسم کے بعد عمران پرتاپ گڑھی نے ملک کی خوشحالی، امن و امان، باہمی بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا مانگی۔ زیارت کے بعد درگاہ کے بلند دروازے پر کھڑے ہو کر انہوں نے کانگریس صدر کا پیغام سنایا، جس میں ملکارجن کھڑگے نے خواجہ غریب نواز کی بارگاہ میں عقیدت و احترام کے ساتھ چادر پیش کرنے کو باعثِ سعادت قرار دیا۔


اپنے پیغام میں کھڑگے نے کہا کہ خواجہ غریب نواز کا پیغام محبت، انسانیت اور رواداری پر مبنی ہے، جو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کی اصل روح کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے موقع پر پیش کی جانے والی چادر محض ایک مذہبی روایت نہیں بلکہ قومی اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کی علامت ہے، جس سے پوری دنیا میں ہندوستان کے تکثیری سماج کا پیغام جاتا ہے۔

عمران پرتاپ گڑھی نے اس موقع پر کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ سے ملک کی مشترکہ تہذیب، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی انصاف کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ غریب نواز کی تعلیمات آج بھی نفرت، تشدد اور تقسیم کے ماحول میں محبت اور انسان دوستی کا راستہ دکھاتی ہیں۔

عرس کے اس موقع پر درگاہ احاطے میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چادر پوشی کی اس تقریب کو عقیدت، روحانیت اور قومی ہم آہنگی کے جذبے کے ساتھ مکمل کیا گیا، جہاں ہر طرف امن، دعا اور خیرسگالی کا پیغام سنائی دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔