کانگریس صدر کھڑگے نے احمد آباد طیارہ حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں سے کی ملاقات، جلد صحت یابی کے لیے کی دعا
کانگریس صدر کھڑگے نے میڈیا سے کہا کہ ’’میڈیکل کالج کے کچھ طلبا کا اب بھی علاج جاری ہے۔ ہم نے ان کی جلد صحت یابی اور بہتر علاج کے سلسلے میں اسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کی ہے۔‘‘
زخمیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے، تصویر @INCIndia
12 جون کو احمد آباد میں پیش آئے خوفناک طیارہ حادثہ نے پورے ملک کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایئر انڈیا کے مسافر طیارہ میں موجود 242 میں سے 241 لوگوں کی دردناک موت ہو گئی۔ طیارہ بی جے میڈیکل کالج کے ہاسٹل احاطہ میں گرا تھا جس کی وجہ سے تقریباً 2 درجن ریزیڈنٹ ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹوڈنٹس کی جانیں بھی چلی گئیں۔ درجنوں ڈاکٹرس اور طلبا اس حادثہ میں زخمی بھی ہوئے۔ ہفتہ کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے احمد آباد واقع سِول اسپتال کا دورہ کر ان زخمی افراد سے ملاقات کی۔ اس دوران انھوں نے سبھی کا حال جانا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات کرنے کے بعد انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’نہایت ہی افسوس کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ احمد آباد میں بڑا حادثہ ہوا ہے، جو کہ کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔ اس حادثہ میں بہت سے لوگوں نے جانیں گنوائیں ہیں، ان تمام کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اس کے علاوہ میڈیکل کالج کے جن طلبا نے اپنی جانیں گنوائی ہیں، انہیں بھی عقیدت کا خراج پیش کرتا ہوں۔‘‘
کانگریس صدر کھڑگے نے میڈیا سے کہا کہ ’’میڈیکل کالج کے کچھ طلبا کا اب بھی علاج جاری ہے۔ ہم نے ان کی جلد صحت یابی اور بہتر علاج کے سلسلے میں اسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کی ہے۔ اس حادثہ میں طیارہ میں سوار ایک شخص کی بھی جان بچی ہے، جو کہ معجزہ سے کم نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی جلد از جلد صحت یاب ہو جائیں۔‘‘ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں خدا سے دعا گو ہوں کہ وہ متاثرین کے اہل خانہ کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ میں اپنی پارٹی، کارکنان اور لیڈران سے گزارش کروں گا کہ وہ لوگوں کی مدد کرتے رہیں۔ اگر انہیں کسی چیز کی ضرورت ہے، جیسے کہ ادویات یا دیگر کسی چیز کی جو یہاں دستیاب نہیں ہے، وہ اس کا بھی انتظام کرتے رہیں۔‘‘
کانگریس صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے اپنے ذاتی ہینڈل پر بھی ایک پوسٹ کی ہے۔ اس میں انھوں نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کی جانکاری دی ہے۔ انہوں نے طیارہ حادثہ والی جگہ کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’خوفناک طیارہ حادثہ کے جائے وقوع کا دورہ کیا جس نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میری گہری تعزیت اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں، عملے، پائلٹ اور زمین پر موجود لوگوں کے ساتھ ہیں، جنہوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں، بشمول میڈیکل طلبا کے۔‘‘ انہوں نے آگے لکھا کہ ’’یہ ایک ناقابل تصور سانحہ ہے۔ ملک سوگوار ہے اور ہماری دعائیں سوگواروں کے ساتھ ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔