گجرات کے یومِ تاسیس اور یومِ مہاراشٹر پر کانگریس صدر کھڑگے نے عوام کو دی مبارکباد

بدھ پورنیما کے پیش نظر ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بھگوان گوتم بدھ کی زندگی اور تعلیمات ہمیشہ کے لیے رہنمائی فراہم کرنے والی ہیں اور ان میں آفاقی حکمت پوشیدہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘ @kharge</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے گجرات کے یومِ تاسیس، یومِ مہاراشٹر اور بدھ پورنیما کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر 3 الگ الگ پیغامات جاری کیے، جن میں انہوں نے ملک کی عظیم شخصیات، ثقافتی وراثت اور عوام کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

گجرات کے یومِ تاسیس کو پیش نظر رکھتے ہوئے جاری اپنے پیغام میں کھڑگے نے کہا کہ ’’دادا بھائی نوروجی، مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسی عظیم ہستیوں کی سرزمین گجرات اپنی بھرپور تخلیقی وراثت اور کاروباری توانائی کے لیے دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے۔‘‘ انھوں نے گجرات کی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کی محنت، جستجو اور زندہ دلی کی گونج پوری دنیا میں سنائی دیتی ہے۔ گجرات کے شہریوں نے دہائیوں سے ہندوستان کی ترقی میں بے مثال اور قیمتی کردار ادا کیا ہے، جس پر پورے ملک کو فخر ہے، اور کانگریس ہمیشہ ان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔‘‘


یومِ مہاراشٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کھڑگے نے ریاست کی عظیم روایت اور تاریخی وراثت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’مہاراشٹر چھترپتی شیواجی مہاراج، مہاتما جیوتیبا پھولے، ساوتری بائی پھولے، سنت گیانیشور، سنت نام دیو، سنت تکارام اور بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جیسی عظیم شخصیات کی زمین ہے۔‘‘ انہوں نے مہاراشٹر کی عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ ان کی زندگیوں میں ہمیشہ خوشحالی اور ترقی برقرار رہے اور وہ مسلسل ملک کی پیش رفت میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں۔

’بدھ پورنیما‘ کے پیش نظر ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بھگوان گوتم بدھ کی زندگی اور تعلیمات ہمیشہ کے لیے رہنمائی فراہم کرنے والی ہیں اور ان میں آفاقی حکمت پوشیدہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بدھ کا پیغام سچائی، ہمدردی، عدم تشدد، شعور اور مساوات پر مبنی ہے، جس نے نہ صرف ہماری تہذیب کو تشکیل دیا بلکہ آج کے تنازعات اور غیر یقینی حالات کے دور میں بھی انسانیت کی رہنمائی کر رہا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ بدھ کا راستہ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اندرونی سکون ہی ایک منصفانہ اور ہم آہنگ معاشرے کی بنیاد ہے۔


کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس موقع پر دعا کی کہ معاشرے میں ہم آہنگی برقرار رہے، بھائی چارے کے رشتے مضبوط ہوں اور لوگوں کی زندگیوں کی رہنمائی نیکی اور اخلاقی اقدار سے ہوتی رہے۔ کھڑگے کے ان پیغامات کی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تعریف کی جا رہی ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے۔