عظیم الشان وراثت والے بہار کے لیے کانگریس نے تیار کیا عزائم سے بھرپور 'بدلاؤ پتر': سونیا گاندھی

کانگریس کا انتخابی منشور جاری کیے جانے کے موقع پر اپنے پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا "ہم وعدہ کرتے ہیں کہ مہاگٹھ بندھن حکومت بننے پر بہار کو پھر وہی اونچائی فراہم کریں گے جس پر بہار کو کبھی فخر تھا۔"

تصویر نیاز عالم
تصویر نیاز عالم
user

نیاز عالم

بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر چھوٹی بڑی تقریباً سبھی سیاسی پارٹیوں نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔ آج کانگریس نے بھی 'بدلاؤ پتر' کے نام سے انتخابی منشور جاری کیا۔ مہاگٹھ بندھن میں شامل کانگریس کا انتخابی منشور جاری کیے جانے سے قبل پارٹی صدر سونیا گاندھی کا پیغام پیش کیا گیا۔ انھوں نے اس پیغام میں کہا "مجھے فخر ہے کہ 'عظیم الشان وراثت' والے بہار کے 'فخر آمیز مستقبل' کی تعمیر کے لیے کانگریس پارٹی نے بہار کی ترقی کے اپنے عزائم پر مبنی 'بدلاؤ پتر' تیار کیا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ بہار کی شناخت پوری دنیا میں نہ صرف اس کے ادب، تعلیم، فن و ثقافت اور تہذیب سے ہے، بلکہ یہاں کے لوگ اپنی خودداری اور وعدوں کو پورا کرنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔"

عظیم الشان وراثت والے بہار کے لیے کانگریس نے تیار کیا عزائم سے بھرپور 'بدلاؤ پتر': سونیا گاندھی

کانگریس صدر نے اپنے پیغام میں بدلاؤ پتر کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "اس میں کسانوں کا قرض معاف، بجلی بل ہاف، بیٹیوں کو مفت تعلیم اور انصاف، نوجوانوں کے ہاتھوں کو کام اور بے زمینوں کے لیے رہائش یقینی بنانے کی طرف توجہ دی گئی ہے۔ اس میں صنعتوں کی ترقی اور مزدوروں کو کام دینے کے تئیں ہم پرعزم ہیں۔ دلت، پسماندوں، قبائلیوں و اقلیتوں اور عام طبقہ کے بھائیوں کی ترقی کے یقین کا عکس نظر آتا ہے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "بہار کے شہریوں کو رائٹ ٹو واٹر اور رائٹ ٹو ہیلتھ کا وعدہ ہم نے کیا ہے۔ بہار کی اہلیت اور صلاحیت پر اس وقت گہن لگا ہوا ہے جسے ہمیں ختم کرنا ہے۔" سونیا گاندھی نے کہا کہ "اس 'بدلاؤ پتر' کے ذریعہ ہم بہار سے وعدہ کرتے ہیں کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے پر بہار کو ایک بار پھر وہی اونچائی فراہم کریں گے جس پر بہار کو کبھی فخر تھا۔ بہار نئی اونچائیوں کو چھوئے گا اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔"


کانگریس کا انتخابی منشور ایک پرجوش ماحول میں جاری کیا گیا اور اس موقع پر بہار کانگریس کے انچارج شکتی سنگھ گوہل، کانگریس کے قومی ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا، پارٹی کے اسٹار کیمپینر راج ببر اور سینئر لیڈر طارق انور سمیت کئی اہم لیڈران شامل ہوئے۔ اس موقع پر شکتی سنگھ گوہل نے وزر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ہم نے اس انتخابی منشور میں وہی بات کہی ہے جو ہم کر سکیں۔ ہم ایسی کوئی بات نہیں کہیں گے جسے بعد میں انتخابی جملہ کہا جائے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "آج بہار میں جے جوان، جے کسان کی جگہ 'مرے جوان، مرے کسان' کی حالت بنی ہوئی ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد ہم پھر سے بہار کو 'جے جوان، جے کسان' کی حالت میں لائیں گے۔"

رندیپ سرجے والا نے بہار میں شراب بندی کے قانون کو لے کر نتیش حکومت پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ "بہار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے تحفظ میں شراب مافیا ننگا ناچ کر رہے ہیں۔ شراب بندی کے نام پر جے ڈی یو –بی جے پی لیڈران پیسہ کما رہے ہیں۔ سچ کہا جائے تو شراب بندی صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے۔ اس شراب بندی کے نام پر کچھ ایسا ہو رہا ہے جس سے سرکاری خزانہ میں تو گھاٹا ہو ہی رہا ہے، ساتھ ہی حکومت مثبت مقاصد سے بھی بھٹک رہی ہے۔" انھوں نے کہا کہ "مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد بہار میں موجودہ شراب بندی قانون کا جائزہ لیتے ہوئے اس میں ضروری اصلاح کیا جائے گا جس سے ریاست کے غریب اور بے سہارا لوگوں کے ساتھ انصاف ہو سکے۔"


کانگریس کے انتخابی منشور کی کچھ اہم باتیں اس طرح ہیں...

1. کسانوں کا قرض معاف، بجلی بل ہاف، بیٹیوں کو انصاف:

اس کے تحت چھوٹی اور مڈل جوت والے کسانوں کا ایک معینہ مدت میں قرض معافی منصوبہ کے تحت قرض معاف کیا جائے گا۔ چھوٹے کسانوں کو 4 فیصد شرح سود پر قرض ملے گا۔

2. بے روزگاروں کو 1500 روپے ماہانہ بھتہ:

اس کے تحت ملازمت کے لیے کوشاں بے روزگار نوجوانوں کو 1500 روپے فی ماہ بے روزگاری بھتہ دیا جائے گا۔ وہیں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کے ساتھ ساڑھے چار لاکھ خالی پڑے سرکاری عہدوں پر 18 مہینے میں تقرری کا عمل پورا کیا جائے گا۔

3. کے جی سے پی جی تک بچیوں کو مفت تعلیم:

اس کے تحت پرائمری تعلیم سے لے کر پوسٹ گریجوٹ کی تعلیم تک بیٹیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔

4. ساوتری با پھولے ایجوکیشن اسکیم:

اس کے تحت ہر دلت کی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم کے لیے کسی بھی سرکاری تکنیکی ادارہ میں پڑھائی کے لیے 80 فیصد اسکالرشپ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اندرا گاندھی کنیا وِواہ منصوبہ کے تحت ہر دلت فیملی کی بٹیا کو 21 ہزار روپے مہیا کرائے جائیں گے۔

5. راجیو گاندھی روزگار متر یوجنا:

اس کے تحت بہار کے سبھی اضلاع میں روزگار متروں کے ذریعہ سے بے روزگار نوجوانوں کا سروے کرایا جائے گا۔ اس سروے کی بنیاد پر حکومت علاقہ وار صنعتیں قائم کر ان سبھی نوجوانوں کو روزگار دستیاب کرائے گی۔

6. ڈاکٹر راجندر پرساد ضعیف العمری یوجنا:

اس کے تحت ضعیف لوگوں کو 800 روپے فی ماہ، 80 سال سے زیادہ کی عمر کے لوگوں کو 1000 روپے فی ماہ، 60 سال سے زیادہ کی عمر کی خواتین اور اکیلی ماؤں کو 1000 روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی۔


7. بے زمینوں کو رہائش:

اس کے تحت ہر بے زمین دلت، مہادلت فیملی کو رہائش کے لیے سرکاری زمین دستیاب کرائی جائے گی۔

8. ہونہار بیٹیوں کو مفت اسکوٹی:

12ویں درجہ میں 90 فیصد سے زیادہ نمبر لانے والی سبھی طالبات کو حوصلہ افزائی کے طور پر حکومت کے ذریعہ اسکوٹی دی جائے گی۔

9. میڈل لاؤ، ملازمت پاؤ:

اس کے تحت بین الاقوامی سطح پر میڈل لانے والے بہار کے کھلاڑیوں کو براہ راست سرکاری ملازمت دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔