شیلا دیکشت کی برسی پر کانگریس کا خراج عقیدت، دہلی کی ترقی میں ان کے کردار کو یاد کیا

شیلا دیکشت کو دہلی کے سیاسی اور انتظامی منظرنامے میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ان کے طویل اقتدار کے دوران دہلی میں بنیادی ڈھانچے، شہری سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>شیلا دیکشت، تصویر ’ایکس‘ @kharge</p></div>
i

دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کی آج (20 جولائی) برسی ہے۔ اس موقع پر کانگریس نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ایک دور اندیش لیڈر کے طور پر انہوں نے عوامی فلاح و بہبود اور ترقی پسند سیاست پر انمٹ نقوش چھوڑے۔‘‘ کانگریس نے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دیا ہے۔ شیلا دیکشت کے یومِ وفات پر کانگریس کے کئی سینئر لیڈران نے سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں یاد کیا اور دہلی کی ترقی میں ان کے اہم کردار کو سامنے رکھا۔

کانگریس نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں لکھا ہے کہ ’’دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت جی کی برسی پر عاجزانہ خراج عقیدت۔ ایک دور اندیش رہنما کے طور پر انہوں نے عوامی فلاح و بہبود اور ترقی پسند سیاست پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔‘‘ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے انھیں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ کو گہرے احترام کے ساتھ یاد کیا جا رہا ہے، جن کے قابل ذکر دور اقتدار نے راجدھانی کا نقشہ بدل دیا اور بے شمار لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی۔‘‘ کھڑگے نے شیلا دیکشت کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’عوامی خدمت کے تئیں شیلا دیکشت کی وابستگی، حکمرانی کے بارے میں ان کا مستقبل شناس نقطۂ نظر اور زیادہ جدید، قابل رسائی و ہمدرد دہلی کی تعمیر کے لیے ان کی انتھک کوششیں آنے والی نسلوں کو مسلسل متاثر کرتی رہیں گی۔‘‘


دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے بھی آج شیلا دیکشت کو یاد کیا۔ انھوں نے سابق وزیر اعلیٰ کو ’جدید دہلی کی معمار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دور اندیش قیادت کی علامت اور سب کے لیے تحریک کا سرچشمہ تھیں۔ انہوں نے شیلا دیکشت کی برسی پر انہیں عاجزانہ خراج عقیدت پیش کیا اور سلام کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کی ترقی، بہتر حکمرانی اور عوامی خدمت کے تئیں شیلا دیکشت کی وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شیلا دیکشت نے دہلی کی ترقی کی جو مضبوط بنیاد قائم کی، وہ آنے والی نسلوں کو مسلسل تحریک دیتی رہے گی۔

قابل ذکر ہے کہ شیلا دیکشت کو دہلی کے سیاسی اور انتظامی منظرنامے میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔ ان کے طویل اقتدار کے دوران دہلی میں بنیادی ڈھانچے، شہری سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کانگریس لیڈران نے اپنی تعزیتی یادوں میں اسی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شیلا دیکشت کی عوامی خدمت، ترقی پسند سوچ اور دہلی کی جدید تعمیر کے لیے ان کی کوششیں آج بھی یاد کی جاتی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔