مہاراشٹر میں سیاسی بحران کے درمیان کانگریس-این سی پی کے وفد کی گورنر سے ملاقات

کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اراکین اسمبلی نے گورنر مہاراشٹر کوشیاری سے ملاقات کی اور ریاست میں بے موسم بارش سے ہوئے فصلوں کے نقصان اور مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے تعلق سے گفتگو کی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں اقتدار کے حصول کیلئے جاری رسہ کشی کے دوران آج یہاں کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اراکین اسمبلی نے گورنر مہاراشٹر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور ریاست میں بے موسم بارش سے ہوئے فصلو ں کے نقصان اور مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے تعلق سے گفتگو کی ۔ ذرائع کے مطابق گورنر سے اس ملاقات میں دونوں پارٹیوں کے سربراہان نے گورنر کو اپنی سیاسی پارٹی کی طاقت سے واقف کروایا اور یہ بھی کہا کہ کہ وہ مہاراشٹر میں جلداز جلد حکومت کے قیام کے منتظر ہیں ۔

کانگریس این سی پی اراکین اسمبلی کے وفد کی گورنر سے ملاقات کے بعد اس بات کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں کہ یہ دونوں پارٹیاں مل کر شیوسینا کو حکومت سازی میں حمایت کر سکتی ہیں ۔ واضح رہے کہ شیوسینا کی معوان سیاسی پارٹی بی جے پی نے شیوسینا کے 50۔50 کے فارمولے کو مسترد کر دیا ہے جس کے بعد شیوسینا نے اپنے دم پر حکومت قائم کرنے کا بھی دعوی کیا تھا ۔


گورنر سے ملاقات کے بعد این سی پی کے لیڈر اجیت پوار نے اخباری نمائندوں کو بتلایا کہ اراکین اسمبلی کا یہ وفد گورنر سے کسانوں کے تعلق سے ملاقات کرنے کیلئے گیا تھا اور اس نے گورنر سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نے کسانوں کو جو راحت دینے کا فیصلہ کیا ہے اس سے سانگلی اور کولہاپور کے کسانوں کو فائدہ نہیں ہو رہا ہے لہذا سرکاری معاوضہ ان تمام کسانوں کو دستیاب کرایا جائے جن کی فصلیں بے موسم بارش میں تباہ ہوئی ہیں ۔ وفد میں کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات ، چھگن بھجبل ، اجیت پوار ، یشومتی ٹھاکر اور دیگر شامل تھے۔

شیو سینا کا 48 گھنٹے کا الٹی میٹم!

ادھر، بی جے پی کی طرف سے بات چیت کی پہل نہ ہونے کے سبب شیو سینا نے48 گھنٹے مزید انتظارکرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد مہاراشٹرمیں حکومت کی تشکیل پرشیو سینا منصوبہ ’بی‘ پرکام شروع کرسکتی ہےجس کے تحت شیو سینا اوراین سی پی مل کرحکومت بنا سکتے ہیں جبکہ کانگریس اس حکومت کو باہرسے حمایت دے سکتی ہے۔ ایسے میں مانا جارہا ہے کہ شیو سینا کی طرف سے جلد ہی کوئی بڑا اعلان ہوسکتا ہے۔


شیوسینا کی طرف سے ہٹ دھرمی کے درمیان بی جے پی کے سینئر رہنماؤں نے آج ممبئی میں وزیر اعلی دیویندر فرنویس کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس ملاقات کے بعد مہاراشٹر بی جے پی کے صدر چندرکانت پاٹل نے کہا ہے کہ 'بی جے پی شیوسینا اتحاد کو حکومت سازی کا مینڈیٹ ملا ہے، ہم اس کا احترام کرتے ہوئے حکومت بنائیں گے۔ شیوسینا کی جانب سے کسی بھی پیشکش کا خیر مقدم کرنے کے لئے بی جے پی کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔

اسی اثنا میں بی جے پی لیڈر سدھیر منگنتیوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے سلسلہ میں ہم نے صلاح ومشورہ کیا ہے۔ حکومت بنانے کیلئے ہم شیو سینا کا انتظار کریں گے لیکن حکومت صرف ہماری ہی ہوگی۔ حکومت بنانے میں ’’اگر‘‘ یا ’’لیکن ‘‘ کا کو ئی موقع نہیں دیا جائے گا۔ آپ کو کسی بھی وقت اطلاع مل سکتی ہے کہ ہم حکومت تشکیل دینے جارہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */