کانگریس رکن اسمبلی نے پی ایم مودی سے کی پنجاب کو اسپیشل پیکیج دینے کی اپیل

ریاست کی غیر یقینی مالی صورت حال کی طرف وزیر اعظم کی توجہ مبذول کرتے ہوئے پنجاب کانگریس رکن اسمبلی نے کہا کہ یہ انتہائی عدم استحکام والی حالت ہے۔

کانگریس رکن اسمبلی رانا گرجیت سنگھ
کانگریس رکن اسمبلی رانا گرجیت سنگھ
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر رانا گرجیت سنگھ نے منگل کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے پنجاب کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے اسپیشل پیکیج کا مطالبہ کیا۔ بدھ کے روز وزیر اعظم کے ریاستی دورہ کا استقبال کرتے ہوئے کپورتھلا کے رکن اسمبلی نے امید ظاہر کی کہ آٹھ ماہ پہلے کی طرح اس بار پنجاب مایوس نہیں ہوگا، جب وہ بدقسمتی سے فیروزپور میں پروگرام میں شامل نہیں ہو سکے تھے، جس سے ریاست کو نقصان ہوا تھا۔

کانگریس رکن اسمبلی نے پی ایم مودی کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ واقعی میں ریاست کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کیونکہ وہ واضح طور سے ریاست کے لیے کئی پروجیکٹس کا اعلان کریں گے۔ ریاست کی غیر یقینی مالی صورت حال کی طرف وزیر اعظم کی توجہ مبذول کرتے ہوئے پنجاب کانگریس رکن اسمبلی نے کہا کہ یہ انتہائی عدم استحکام والی حالت ہے، کیونکہ موجودہ حکومت بڑے پیمانے پر ریونیو خسارے کے خلاف زیادہ خرچ کا سہارا لے رہی ہے۔


رانا گرجیت سنگھ نے کہا کہ ’’حالات کو دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، کیونکہ ریاست کا مالیاتی مستقبل بہت ہی تاریک ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے ساتھ ہی کہا کہ بے روزگاری کی شرح ریاست میں دن بہ دن بڑھ رہی ہے اور نوجوانوں میں بھی مایوسی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بڑھتے جرائم، بگڑتے نظامِ قانون اس بحران کے اصل اسباب ہیں اور اس سے فوری نمٹنے کی ضرورت ہے۔‘‘

کسان طبقہ کی حالت زار کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ کافی خستہ حال ہے۔ انھوں نے لگاتار گھٹتی پانی کی سطح، بے قابو نقلی بیجوں اور جراثیم کش کی دستیابی کے ایشو کے علاوہ فرٹیلائزر کی اعلیٰ شرح وغیرہ کو لے کر بھی فکر کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے کہا کہ کسانوں کے سامنے مویشیوں کو لے کر بھی کئی طرح کے مسائل ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’بڑی تعداد میں دوسری ریاستوں سے آ رہے مویشیوں سے پھیلنے والی مختلف بیماریاں کسانوں کی پریشانی کو بڑھا رہی ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔