کے سی آر کے جلسہ سے قبل تلنگانہ کانگریس صدر گرفتار، کانگریس کا برہمی کا اظہار

ریونت ریڈی کی گرفتاری کو کانگریس پارٹی نے جمہوریت پر داغ قرار دیا ہے، ریاستی کانگریس کے رہنما جی این ریڈی نے کہا کہ چندرشیکھر راؤ پولس کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر و کوڑنگل حلقہ کے امیدوار ریونت ریڈی اور ان کے بھائی کے ساتھ ساتھ بعض اہم حامیوں کو وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کے جلسہ سے پہلے آج صبح حراست میں لے لیا گیا۔

ریڈی نے وزیراعلی کے جلسہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے اس علاقہ میں بند کی اپیل کی تھی۔ پولس نے کہا کہ ریونت ریڈی کو وزیراعلی کے پروگرام سے پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تا کہ کسی بھی ناگہانی واقعہ کو روکا جاسکے۔

پولس کے سینکڑوں اہکار ریڈی کے مکان کے قریب جمع ہوگئے جنہوں نے ان کے دو بھائیوں کے ساتھ ساتھ گن مین اور واچ مین کو بھی حراست میں لے لیا۔ اس بند کی اپیل پر کوڑنگل حلقہ کی ریٹرننگ افسر ارونا کمار ی نے ان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرنوٹس دیا تھا۔

پولس کی جانب سے ریونت ریڈی کو حراست میں لئے جانے سے اس علاقہ میں کشیدگی دیکھی گئی۔ پولس نے کوڑنگل میں سیکورٹی میں اضافہ کردیا تاکہ کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعہ سے نمٹا جاسکے۔ ریونت ریڈی کی اہلیہ نے شوہر کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولس نے ان کے مکان میں گھس کر 5 منٹ کے اندر ہی ریونت ریڈی کوحراست میں لے لیا اور ان کو دہشت گرد کی طرح لے جایا گیا۔ یہ ساری کارروائی صرف 40 منٹ میں ہی انجام دے دی گئی۔‘‘

پولس نے ریونت ریڈی کے گھر پہنچ کر ان کا دروازے کھٹکھٹایا اور جب دروازہ نہیں کھلا تو اسے توڑ دیا گیا اور پولس نے اندر گھس کر انہیں گرفتار کر لیا۔ اس واقعہ کے ویڈیو فوٹیج سے معلوم ہوتا ہے کہ اس دوران ریونت ریڈی کے حامیوں اور پولس افسران کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔

ریونت ریڈی کی گرفتاری کو کانگریس پارٹی نے جمہوریت پر داغ قرار دیا ہے۔ ریاستی کانگریس کے رہنما جی این ریڈی نے کہا کہ چندرشیکھر راؤ پولس کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پولس بیڈ روم میں گھسی ہے یہ ہندوستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریوند ریڈی معمولی انسان نہیں ہیں۔ وہ برہموس میزائیل ہیں اور یہ میزائیل ٹی آر ایس کو تباہ کرنے جا رہی ہے۔

کانگریس رہنما منیش تیواری نے بھی ریڈی کی گرفتاری پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا ریڈی دہشت گرد ہیں جو انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر ذمہ دار لوگوں کو برخاست کرنا چاہیے۔

سینئر کانگریس رہنما ڈی کے شیو کمار نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ قابل مذمت ہے کہ تلنگانہ پولس نے تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر کو گرفتار کر لیا ہے کیوںکہ وزیر اعلیٰ کے سی آر وہاں ایک ریلی کرنے جا رہے تھے۔‘‘

واضح رہے کہ ریونت ریڈی ایک سال قبل تلگودیشم پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ ان کے خلاف ٹی آر ایس کے نریندر ریڈی چناوی میدان میں ہیں۔ اپنے امیدوار نریندر ریڈی کو جتانے کے لئے خود وزیر اعلیٰ چندرشیکھر تشہیر کے لئے میدان میں اترے ہیں۔ سات دسمبر کو تلنگانہ میں پولنگ ہے اور 11 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔