’لوٹ کی کھلی چھوٹ اور مودی جی میوٹ‘: کانگریس

کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے وزیر اعظم مودی اور امت شاہ پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ’چھوٹے مودی-1 اور چھوٹے مودی-2 ملک کا پیسہ لوٹ کر کیسے بھاگ گئے؟‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ پر طنزیہ جملے کے سہارے نشانہ سادھا ہے۔ انھوں نے ’تک بندی‘ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس حکومت کے راج میں لوٹ کی کھلی چھوٹ اور مودی (وزیر اعظم) جی میوٹ‘‘۔

رندیپ سرجے والا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی بتائیں کہ چھوٹے مودی-1 اور چھوٹے مودی-2 ملک کا پیسہ لوٹ کر ان کی ناک کے نیچے سے کیسے بھاگ گئے؟

انھوں نے بی جے پی پر حملہ آور ہوتے ہوئے آگے کہا کہ ’’یہ حکومت تو لٹیرا بچاؤ، لٹیرا بھگاؤ کی پالیسی پر چل رہی ہے۔‘‘

پارلیمنٹ میں نیرو مودی اور پنجاب نیشنل بینک کی دھوکہ دہی پر بحث سے متعلق جاری سیاسی گھمسان پر بھی رندیپ سرجے والا نے طنز کسا۔ انھوں نے کہا کہ ’’چرچا سے بھاگ رہے ہیں، بھگوڑوں کو ملک سے بھگا رہے ہیں اور اب ملک کی حکومت پارلیمنٹ میں چرچا سے بھگوڑی ہو گئی ہے۔‘‘

رندیپ سرجے والا اتنے پر ہی نہیں رکے۔ انھوں نے وزیر اعظم مودی کا نعرہ ’سب کا ساتھ، سب کا وِکاس‘ پر بھی طنز کسا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اب یہ نعرہ بھگوڑوں کا ساتھ، مودی جی کا ہاتھ ہو گیا ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ بے روزگاروں سے متعلق بھی مودی جی نے ایک نیا نعرہ تیار کیا ہے۔ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ ’’بے روزگار یوا بیچیں پکوڑے اور ملک کو لوٹ کر بھاگیں بھگوڑے۔‘‘ انھوں نے فلیس، فلی اینڈ فلائی (3 ایف) کی تک بندی بھی پیش کی اور مودی حکومت پر 73600 کروڑ روپے کی لوٹ کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔

اپنے طنزیہ حملے کے آخر میں بھی رندیپ سرجے والا نے تک بندی کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ ’’نیرو مودی (سائلنٹ مودی) ٹو بول مودی۔‘‘

’لوٹ کی کھلی چھوٹ اور مودی جی میوٹ‘: کانگریس

کانگریس ترجمان نے اس کے علاوہ بینک آف بڑودہ، وجے مالیہ، نیمو+چوکسی بینک لوٹ، وکرم کوٹھاری-روٹومیک گھوٹالہ، دوارکا داس جویلر بینک گھوٹالہ، ونسم بینک گھوٹالہ سمیت آٹھ بے ضابطگیوں کے ذریعہ کل 54318 کروڑ روپے کے بینک گھوٹالے کا الزام عائد کیا۔

’لوٹ کی کھلی چھوٹ اور مودی جی میوٹ‘: کانگریس

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔