شری کانت تیاگی کی بدسلوکی کے معاملہ پر پرینکا گاندھی بی جے پی پر حملہ آور، شیئر کیں 12 تصاویر

پرینکا گاندھی نے پوچھا ’’ایک خاتون کے ساتھ کھلے عام بدسلوکی اور 10-15 غنڈے بھیج کر دھمکیاں دینے کی ہمت اسے کون دے رہا ہے؟ کون ہے جو اس کی پشت پناہی کر رہا ہے؟‘‘

پرینکا گاندھی، تصویر ویپن
پرینکا گاندھی، تصویر ویپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: نوئیڈا میں ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی پر ضلع اتھارٹی کی کارروائی شروع ہو گئی ہے اور گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں موجود اس کی غیر قانونی تعمیر کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے پر پہلے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور اب کانگریس کی قومی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے لکھا، ’’کیا بی جے پی حکومت کو اتنے سالوں سے معلوم نہیں تھا کہ نوئیڈا کے بی جے پی لیڈر کی تعمیر غیر قانونی ہے؟ بلڈوزر کی کارروائی ظاہری ہے، حکومت ان سوالوں کے جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ ایک خاتون کے ساتھ کھلے عام بدسلوکی اور 10-15 غنڈے بھیج کر خواتین کو دھمکیاں دینے کی ہمت اسے کون دے رہا ہے؟ کون ہے جو اس کی پشت پناہی کر رہا ہے؟ کس کی حفاظت میں اس کی غنڈہ گردی اور غیر قانونی کاروبار پروان چڑھا؟


اپنے ٹویٹ میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے شریکانت تیاگی کی بی جے پی کے اہم لیڈروں کے ساستھ والی 12 تصاویر شیئر کی ہیں۔ پرینکا گاندھی کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، یوپی بی جے پی کے صدر اور وزیر سواتنتر دیو سنگھ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ شری کانت شرما کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔

وہیں اس معاملے میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’بات ہے سچی اور جھوٹی شرمندگی… ایسے بی جے پی والے امرت مہوتسو کس منہ سے منائیں گے۔ اس ٹوئٹ کے ساتھ انہوں نے بی جے کے پی ایم پی مہیش شرما کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں ایم پی کسی سے بات کرتے ہوئے نظر رہے ہیں۔ ویڈیو میں مہیش شرما کہہ رہے ہیں ’’ہمیں شرمندگی محسوس ہو رہی ہے یہ کہتے ہوئے کہ ہماری سرکار ہے۔‘‘


خیال رہے کہ پیر کی صبح شریکانت تیاگی کے گھر میں موجود غیر قانونی تعمیرات پر کارروائی کی گئی ہے۔ نوئیڈا ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس سے پہلے اومیکس سوسائٹی میں واقع رہائش گاہ پر بلڈوزر چلا چکی ہے۔ یہ کارروائی سوسائٹی کے کامن ایریا اور پارکنگ پر کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔