’ریاستی درجہ کی بحالی کے لیے کانگریس کی پہل خوش آئند‘، عمر عبداللہ نے کھڑگے اور راہل گاندھی کا ادا کیا شکریہ

عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’ہم کب سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے کہ اپوزیشن جموں و کشمیر کی آواز کو دہلی اور پارلیمنٹ میں بلند کرے۔ میں کھڑگے صاحب اور راہل گاندھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

عمر عبداللہ / آئی اے این ایس
عمر عبداللہ / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کانگریس کی طرف سے وزیر اعظم کو ریاستی درجہ کی بحالی کے لیے خط لکھنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم وہی مانگ رہے ہیں جو ہم سے وعدہ کیا گیا تھا۔‘‘ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار جموں کے مضافات میں ایک اسپتال کے افتتاحی پروگرام کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکا ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مشترکہ خط لکھ کر آنے والے مانسون اجلاس میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ دینے سے متعلق قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اس اقدام پر کانگریس قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت خوش آئند بات ہے۔ ہم کب سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے کہ اپوزیشن جموں و کشمیر کی آواز کو دہلی اور پارلیمنٹ میں بلند کرے۔ میں کھڑگے صاحب اور راہل گاندھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ریاستی درجے کا معاملہ مرکز کے سامنے اٹھایا۔‘‘


عمر عبد اللہ نے مزید کہا کہ ہم کوئی نیا مطالبہ نہیں کر رہے۔ ریاستی درجہ ہمیں پارلیمنٹ میں، عدالت عظمیٰ میں اور مختلف عوامی مواقع پر بارہا وعدے کے تحت دیا جانا تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اب وقت آ چکا ہے کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دوبارہ دیا جائے۔ جب ان سے کانگریس کی جانب سے مانسون اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے کی اطلاعات سے متعلق سوال کیا گیا تو عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’ہماری ان سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ جب بات ہوگی تو ہم دیکھیں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کو 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا گیا تھا۔ تب سے مختلف سیاسی حلقے اور عوامی نمائندے ریاستی درجہ کی بحالی کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔