کانگریس نے گواہاٹی-سوناپور ہائیوے پر پیش آئے دردناک حادثہ کے لیے مودی حکومت کو ٹھہرایا ذمہ دار

مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ یہ صرف ایک سڑک حادثہ نہیں ہے بلکہ ملک میں سڑکوں کی حالت اور بنیادی روڈ سیفٹی یقینی بنانے میں حکومت کی ناکامی پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹوٹی ہوئی سڑک، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

آسام کے گوہاٹی-سوناپور ہائیوے پر مسافر گاڑی اور ٹرک کے درمیان پیش آنے والے خوفناک تصادم نے ایک بار پھر ملک میں سڑکوں کی حالت اور روڈ سیفٹی کے انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سوناپور کے قریب این ایچ-27 پر پیش آئے اس حادثے میں کم از کم 6 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس حادثہ کے بعد کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مرکزی حکومت کو اس طرح کے حادثہ کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ یہ صرف ایک سڑک حادثہ نہیں ہے بلکہ ملک میں سڑکوں کی حالت اور بنیادی روڈ سیفٹی یقینی بنانے میں حکومت کی ناکامی پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کا انفراسٹرکچر ماڈل سرخیوں اور افتتاحی تقریبات تک تو پہنچتا ہے، لیکن جب سڑک کے گڈھے موت کا جال بن جائیں تو ان جانوں کی ذمہ داری کون لے گا؟


قابل ذکر ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر گاڑی نگاؤں سے گوہاٹی کی طرف جا رہی تھی۔ سوناپور کے قریب نالگیدرا کے علاقے میں گاڑی کا ایک ٹائر سڑک پر موجود بڑے گڈھے سے ٹکرانے کے بعد پھٹ گیا۔ اس کے نتیجے میں گاڑی سے ڈرائیور کا کنٹرول ختم ہو گیا۔ گاڑی ڈیوائیڈر پار کر کے مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ مسافر گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور کئی افراد اس میں پھنس گئے۔ ریسکیو ٹیموں اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ متعدد زخمیوں کو گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

حادثہ کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غصہ پھیل گیا۔ لوگوں نے این ایچ-27 کو تقریباً 3 گھنٹے تک بند رکھا اور سڑک کی خراب حالت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ سوناپور کے اس حصے میں بڑے بڑے گڈھے موجود ہیں اور بار بار حادثات کے باوجود سڑک کی مناسب مرمت نہیں کی جا رہی۔ مقامی لوگوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب ہائیوے پر گاڑیوں سے ٹول وصول کیا جا رہا ہے تو پھر سڑک کی حالت بہتر کیوں نہیں کی جا رہی۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ٹول وصولی بھی روک دی اور فوری طور پر سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کے بعد پولیس نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے 2 افسران کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ سڑک کی خراب حالت کے باعث اس راستے پر معمولی اور بڑے حادثات مسلسل پیش آ رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔