راگھو گڑھ میونسپلٹی میں بی جے پی کی زبردست شکست، 24 میں 20 وارڈوں پر کانگریس قابض

چیئرمین عہدہ کے لیے کانگریس امیدوار آرتی شرما نے بی جے پی امیدوار مایا دیوی اگروال کو 5 ہزار ووٹ سے ہرایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں اس سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں لیکن اس سے پہلے بی جے پی کو کانگریس نے زبردست جھٹکا دیا ہے۔ راگھو گڑھ نگر پالیکا انتخاب میں 24 میں سے 20 وارڈوں پر کانگریس کا قبضہ ہو گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے اس نگر پالیکا انتخاب میں فتح حاصل کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی۔

گونا ضلع کے راگھو گڑھ نگر پالیکا میں بی جے پی کو محض چار سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 20 سیٹ حاصل کرنے والی کانگریس نے نگر پالیکا پریشد پر اپنا قبضہ جما کر شیو راج حکومت کی نیند حرام کر دی ہے۔ یہاں چیئرمین عہدہ کے لیے کانگریس امیدوار آرتی شرما نے بی جے پی امیدوار مایا دیوی اگروال کو 5 ہزار ووٹ سے ہرایا۔ اس شکست کے بعد ریاست میں بی جے پی حکومت کے خلاف لوگوں میں ناراضگی پوری طرح عیاں ہو گئی ہے۔ نگرپالیکا انتخاب کا نتیجہ آنے کے بعد ایک طرف جہاں کانگریس میں خوشی کا ماحول ہے وہیں بی جے پی انگشت بدنداں ہے۔

قابل ذکر ہے کہ راگھو گڑھ کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ کا آبائی علاقہ ہے۔ یہاں نگر پالیکا انتخاب کی ذمہ داری کانگریس ممبر اسمبلی جے وردھن سنگھ کے ہاتھوں میں تھی۔ نگر پالیکا انتخاب میں دگ وجے سنگھ کا قلعہ قمع کرنے کے لیے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے راگھو گڑھ میں اپنا پورا زور صرف کر دیا تھا اور انتخابی تشہیر بھی زور و شور سے کی تھی۔ 12 جنوری کو راگھو گڑھ میں وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کی انتخابی تشہیر کے بعد کانگریس اور بی جے پی کارکنان آپس میں متصادم بھی ہو گئے تھے۔ دونوں طرف سے ہوئے پتھراؤ میں کئی لوگ زخمی ہوئے تھے۔ اس دوران تنازعہ اتنا بڑھا کہ پولس کو حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بھی کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد بھی معاملہ ختم نہ ہونے پر پولس کو علاقے میں کرفیو لگانا پڑا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jan 2018, 2:55 PM